پی ٹی وی کو اپنی پالیسی سے متعلق وضاحت کیوں کرنی پڑی؟

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حال ہی میں کینسر کے علاج کی جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے لیے چینی کمپنی کیساتھ معاہدہ کیا ہے جس پر تجزیہ کار رضوان رضی نے پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مشینری اور نئی ٹیکنالوجی آنے سے سرجری اور کیمو تھراپی کے بغیر کینسر کا علاج ممکن ہو سکےگا۔ کینسر اور اس کی کیمو تھیراپی کے نام پر جو کھربوں روپے لُوٹے جاتے ہیں اُس سے نجات مل جائےگی۔

رضوان رضی کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی کہ پی ٹی وی جیسے سرکاری چینل پر بیٹھ کر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی وی پر کینسر کا غلط علاج بتانے پر ڈاکٹرز نے پریس ریلیز بھی جاری کرتے ہوئے رضوان رضی کے خیالات سے لاتعلقی کا بیان جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا اس حوالے سے اب پی ٹی وی نے وضاحت جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز لائیں سرجری اور کیمو تھراپی کے بغیر کینسر کا علاج، ’کیا یہ بات چینیوں کو پتا ہے؟‘

اپنے وضاحتی بیان میں پی ٹی وی کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے شو کے تجزیہ کاروں، میزبانوں اور مہمانوں کی آراء، خیالات اور تجزیے ان کے ذاتی نقطہ نظر پر مبنی ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ وہ پی ٹی وی یا اس کی انتظامیہ کی سرکاری پوزیشن اور پالیسیوں یا آراء کی عکاسی کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے موقع پر  چینی کمپنی ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجیز کے ساتھ کینسر کے جدید طریقہ علاج Hygea اور اس کی مشینری کو پنجاب لانے کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجیز کے صدر ڈاکٹر لوفولیانگ سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہائی جیامیڈیکل ٹیکنالوجی کے حکام نے نواز شریف کینسر اسپتال کیلئے پروفیشنل معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد نواز شریف کینسر  اسپتال میں چین کے تعاون سے جدید مشینری اور طریقہ علاج سے کینسر کے مریضوں کا علاج ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp