’ان لمحات کے لیے میں انٹرنیٹ کا بل ادا کرتا ہوں‘ جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے پر صارفین کے تبصرے

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان جنوبی افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پر ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی جیت پر صارفین انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں سیاسی شخصیات بھی پاکستان کی جیت پر مختلف تبصرے کر رہی ہیں۔

سینیٹر اور قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن شیری رحمان نے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے مضبوط ترین حریف کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر زیر کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، بیٹنگ میں صائم ایوب اور باؤلنگ میں شاہین آفریدی نے زبردست پاور شو دکھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان کو دوسرا سعید انور مل گیا‘، شائقین صائم ایوب کا موازنہ سعید انور سے کیوں کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم ہر مقابلے میں متحد نظر آئی جس کا نتیجہ کلین سوئپ کی صورت میں سامنے آیا۔ پاکستان کا نام فخر سے بلند کرنے والی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ون ڈے فارمیٹ میں لگا تار 3 سیریز جیتنا خوش آئند ہے، امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کےخلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھا کھیل پیش کرے گی۔

سیاستدان علیم خان نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر کہا کہ شاہینوں نے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی، خاص طور پر نوجوان بلے باز صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ بڑی ٹیم کے خلاف فتح ٹیم کا مورال مزید بلند کرے گی۔ امید ہے ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائیٹل اپنے نام کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 3-0 کی شاندار سیریز جیتنے پر ٹیم پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم سے کہا کہ
آپ کے عزم، مہارت، اور ٹیم ورک نے پی سی بی کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی کی قیادت میں پورے قوم کو فخر سے ہمکنار کیا۔ ایسے ہی سبز پرچم کو بلند رکھیں۔

ہادیہ لکھتی ہیں کہ پاکستان نے تاریخ رقم کر دی ہے۔

صائم ایوب کی شاندار کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ یہ وہ لمحات ہیں جن کو دیکھنے کے لیے وہ اپنے انٹرنیٹ کا بل ادا کرتےہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ جنوبی افریقہ نے ہمیں دھوکہ دے کر تکلیف دی، اور ہم انہیں وائٹ واش کر کے تکلیف پہنچاتے ہیں۔ یہ ایک میٹھا انتقام ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ جنوبی افریقہ نے ہمیں دھوکہ دے کر تکلیف دی، اور ہم انہیں وائٹ واش کر کے تکلیف پہنچاتے ہیں۔ یہ ایک میٹھا انتقام ہے۔ ایک ایکس صارف نے جناح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ جناح۔ ہمارے پاس پاکستانی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی ہے بھارت کا فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو کھیلا گیا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp