اداکار عمر عالم نے دروان پرواز اپنی دوست کو شادی کی پیشکش کر دی جس کی ویڈیو انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کردی۔
ویڈیو میں انہیں جہاز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکار نے مسافروں کے سامنے ہاتھ میں مائک تھاما اورکہا کہ اس فلائٹ میں آنے کا خاص مقصد ہے جس کے لئے وہ فلائے جناح ائیر لائن کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اداکار کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محبت کا اظہار کرنے میں شرمیلے ہیں مگر اس لمحے کو خاص بنانا چاہتے ہیں۔
عمر عالم نے کہا کہ انہوں نے سنا ہے کہ محبت کسی ایسے شخص کا نام نہیں ہے کہ جس کے ساتھ زندگی گزاری جا سکے بلکہ محبت ایسے شخص کی تلاش کا نام ہے جس کے بغیر زندگی نہ گزاری جا سکے اور انہیں وہ شخص مل گیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی اداکار نے جہاز میں بیٹھی خاتون کو گھٹنے کے بل بیٹھ کر منگنی کی انگوٹھی پہنائی جبکہ فلائٹ کے دیگر عملے نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے عمر عالم نے کہا کہ یہ باضابطہ طور پر ہوگیا ہے الحمدللہ، اس نے ہاں کہہ دی اور یہ ہے وہ لمحہ۔
View this post on Instagram
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین اور دیگر فنکاروں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا جہاں کئی صارفین نے ان کے اس اقدام کی تعریف کی وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے عمر عالم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پبلسٹی اسٹنٹ تھا۔