قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بطور کپتان ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ فتوحات میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے برابر ہو گئے ہیں، صرف ایک اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں کامیابی بابر اعظم کو مہندر سنگھ دھونی سے ممتاز کرتے ہوئے نمبر ون پوزیشن پر پہنچا سکتی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے 72 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں سے بھارت نے 41 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 67 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں سے 41 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بابر اعظم کے لیے بطور کپتان سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی فتوحات میں سر بلند ہونے کا سنہری موقع ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز میں بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم ایک اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو سب سے زیادہ فتوحات سمیٹنے والے کپتانوں میں بابر اعظم سر فہرست ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ روز لاہورمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سینچری مکمل کرنے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے شعیب ملک اور محمد حفیظ بالترتیب 124 اور 119 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم مجموعی طور پر 100 ٹی 20 میچزکھیلنے والےدنیا کے 20 ویں کرکٹر ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اپنا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشل میچ کھیلنے کے بعد کپتان بابر اعظم جذباتی ہو گئے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے 100 واں ٹی 20 انٹرنیشل میچ کھیلنا ان کے لیے انتہائی فخریہ لمحہ تھا۔
’آج بھی وہ دن یاد ہے جب لاہورکرکٹ اسٹیڈیم میں بال پکنگ اور پاکستانی کیمپ میں باؤلنگ کرانے کے لیے آیا تھا۔‘
واضح رہے کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 887 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست جب کہ ٹی 20 رینکنگ میں بابراعظم 755 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کا 862 پوائنٹ کے ساتھ 5 واں نمبر ہے۔