علی امین گنڈاپور کا حکومت سے مذاکراتی عمل میں شرکت سے انکار، کچھ رہنماؤں کی مشاورت کے باوجود عدم شرکت

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں سیاسی استحکام لانے کے لیے کوششوں کا آغاز ہوچکا ہے، جس کی پہلی بیٹھک آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی، تاہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنما مشاورت کے باوجود شریک نہ ہوئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی عمل کا حصہ بننے سے معذرت کرلی۔

آج ہونے والے مذاکرات میں تحریک انصاف کے اہم رہنما شریک نہ ہوئے جن میں علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجہ، عمر ایوب اور حامد خان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے پی ٹی آئی کا کون سا اہم مطالبہ مان لیا؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی عمل میں شرکت سے معذرت کرلی، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے بھی بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے باوجود اس عمل کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔

حکومت کے ساتھ ہونے والی پہلی نشست میں تحریک انصاف کی جانب سے صرف اسد قیصر نے شرکت کی، جبکہ دیگر دو رہنماؤں میں ایم ڈبلیو ایم کے علامہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق علی امین گنڈاپور حکومت سے بات چیت کرنے کے حق میں نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں میں گزشتہ روز سخت کشیدگی بھی ہوئی ہے۔

یہ بات درست نہیں کہ پی ٹی آئی کے ممبران نے مذاکراتی عمل کا حصہ بننے سے انکار کیا، بیرسٹر گوہر

دوسری جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج حکومت کے ساتھ پہلی نشست ہوئی ہے، علی امین گنڈاپور کابینہ اجلاس کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پشاور کی عدالتوں میں پیش ہونا تھا اس لیے مذاکراتی عمل میں شریک ہونا ممکن نہیں تھا، جبکہ حامد خان بنگلا دیش میں ہیں، اور سلمان اکرم راجہ کی لاہور میں عدالتی مصروفیات تھیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات درست نہیں کہ پی ٹی آئی کے ممبران نے مذاکراتی عمل کا حصہ بننے سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کا پہلا دور آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس کی سربراہی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں ’اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے سیاستدان اکٹھے ہوں‘، ن لیگ کی پی ٹی آئی کو پھر مذاکرات کی دعوت

مذاکرات کی پہلی نشست میں حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائے گا، جبکہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2 جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp