پاکستان میں رہ کر ہی ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، نوجوانوں کی اکثریت کا ملک چھوڑنے سے انکار

پیر 23 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں ہونے والے ایک سروے میں پاکستانی نوجوانوں کی اکثریت نے کہا ہے کہ وہ مستقل طور پر ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

’اپسوس پاکستان‘ کے سروے کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں کی اکثریت اپنے ملک میں ہی رہنا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی حکومت کے بعد کتنے ہزار نوجوانوں نے ملازمت کے لیے ملک چھوڑا؟

سروے کے نتائج کے مطابق 74 فیصد نوجوانوں نے کہاکہ وہ اپنے ملک میں رہ کر ہی پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، جبکہ 26 فیصد نے کہاکہ وہ بہتر مواقع کی تلاش کے لیے ملک چھوڑ سکتے ہیں۔

جو نوجوان ملک چھوڑنے کے لیے راضی تھے ان میں سے 30 فیصد نے سعودی عرب، 20 فیصد نے دبئی جانے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ 9 فیصد برطانیہ، 8 فیصد کینیڈا، امریکا اور 5 فیصد یورپ جانے کے خواہشمند تھے۔

جن نوجوانوں نے ملک چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی ان میں سے اکثریت کا تعلق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبرپختونخوا سے ہے۔

اسلام آباد سے 46 فیصد، خیبرپختونخوا سے 35 فیصد نوجوانوں نے کہاکہ وہ ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔

سروے کے نتائج کے مطابق مراعات یافتہ طبقے کے 36 فیصد نوجوانوں نے کہاکہ وہ ملک چھوڑ کر باہر جانا چاہتے ہیں، جبکہ اس کے برعکس مزدور یا غیرمراعات یافتہ طبقے میں یہ شرح 23 فیصد سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی نوجوانوں کو ’زندہ بھاگ‘ کے بجائے ملک میں رہ کر جدوجہد کرنے کی تلقین

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ملک کے نوجوانوں کی اکثریت مایوس ہوچکی ہے اور وہ پاکستان چھوڑ کر باہر جانے کی خواہش رکھتے ہیں، اور مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp