آسٹریلوی نوجوان سیم کونسٹاس 26 دسمبر سے ہندوستان کے خلاف آئندہ چوتھے ٹیسٹ کے لیے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کریں گے۔
سڈنی کے ٹاپ آرڈر بلے باز کو اوپنر نیتھن میک سوینی کی جگہ ابتدائی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ نیتھن کو ہندوستان کے خلاف ابتدائی 3 ٹیسٹ میچوں میں 14 اعشاریہ 4 کی معمولی بیٹنگ اوسط کے بعد ڈراپ کردیا گیا۔
کونسٹاس کی عمر تقریباً سوا 19 سال ہے اور بھارت کے خلاف ٹیم میں شمولیت نے انہیں آسٹریلیا کی تاریخ میں چوتھا سب سے کم عمر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والا اور سنہ 1953 میں ایئن کریگ کے بعد سب سے کم عمر کھلاڑی بنا دیا ہے۔
اس نے نیو ساؤتھ ویلز کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں صرف 11 میچ کھیلے ہیں جن میں 2 سینچریوں اور 3 نصف سینچریوں کے ساتھ 718 رنز بنائے جس کی اوسط 42 اعشاریہ 23 بنتی ہے۔
گزشتہ ماہ آخری بار جب کونسٹاس میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے تھے تب انہوں نے آسٹریلیا اے کی جانب سے انڈیا اے کے خلاف 3 اور ناٹ آؤٹ 73 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ برسبین میں تیسرا ٹیسٹ بارش کی وجہ سے ڈرا ہونے کے بعد آسٹریلیا بھارت سیریز 1-1 سے برابر ہے۔