پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک ٹائم فریم مقرر کیا جائے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بریف کیا ہے، تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ مذاکرات ایک ٹائم فریم میں مکمل ہونے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان نے سول نافرمانی کی کال واپس لینے کا حکومتی مطالبہ مسترد کردیا
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں مذاکرات جلد از جلد ختم ہوں، گزشتہ روز مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان جو اجلاس ہوا وہ ابتدائی اور غیررسمی تھا، کیونکہ ہمارے بعض ارکان اس میں موجود ہی نہیں تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے اگلے دور میں اپنے مطالبات سامنے رکھے جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کے لیے پُرامید ہوں، بات چیت کے اگلے دور سے قبل کوشش کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔
یہ بھی پڑھیں سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ واپس نہیں ہوا، عمران خان کل حتمی اعلان کریں گے، پی ٹی آئی
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان گزشتہ روز مذاکرات کا پہلا دور ہوا، جس میں تحریک انصاف نے اپنے مطالبات پیش کیے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ بیٹھک 2 جنوری کو ہوگی۔