وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست کو کھیل سے کوسوں میل دور ہونا چاہیے، پاکستان میں کرکٹ کے بڑے ایونٹ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ چیمپینز ٹرافی کے لیے پاکستان نے پورا زور لگایا، محسن نقوی نے چیمپینز ٹرافی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے دوران پاکستان کے کلچر اور ٹورازم کو پروموٹ کیا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ آئیں، اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیم کو سپورٹ کریں۔ باہر سے آنے والی ٹیموں کو خوش آمدید کہیں۔ تاکہ انھیں پتہ چلے کہ جو شائقین کرکٹ پاکستان میں رہتے ہیں وہ بھرپور جوش و جذبہ رکھتے ہیں اور وہ کرکٹ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دو ہزار پانچ کے وریندر سہواگ اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں کے انٹرویوز نکال کر دیکھیں، وہ پاکستان کے بارے میں کیا کہتے تھے۔ ماضی میں بھارتی ٹیم سمیت سب نے ہماری مہمان نوازی کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ میں بہتری آ رہی ہے۔














