عوامی لیگ نے متنازع بنا دیا، شیخ مجیب کو بابائے قوم نہیں سمجھتے، بنگلہ دیشی مشیر اطلاعات

جمعرات 26 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے مشیر برائے وزرات پوسٹس، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مشیر ناہید اسلام کا کہنا ہے عبوری حکومت بنگ بندھو (بابائے قوم) شیخ مجیب الرحمان کو بابائے قوم کے طور پر تسلیم نہیں کرتی۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کے نئے کرنسی نوٹ پر کام شروع، شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی جائے گی

ناہید اسلام ڈھاکہ سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنگ بندھو (بابائے قوم)کو عوامی لیگ نے متنازع بنا دیا ہے۔ عوامی لیگ نے فاشسٹ طریقے سے اقتدار سنبھالا، وہ جبری گمشدگیوں، قتل اور یہاں تک کہ نسل کشی کے ذریعے لوگوں کے حق رائے دہی کو دبا کر اقتدار میں رہی۔

ناہید اسلام، مشیر اطلاعات بنگلہ دیش

ناہید اسلام نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ چاہے کسی کو فادر آف نیشن کہا جائے یا قومی دن قرار دیا جائے، اس طرح کا تسلسل نئے دور میں نہیں رہے گا۔

تاریخ کا ایک نیا تناظر

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بنگلہ دیش کی تعمیر نو چاہتی ہے، جس کے لیے تاریخ کا ایک نیا تناظر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

ناہید اسلام کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت کا کوئی جواز نہیں۔ اس عرصے کے دوران بہت سے اقدامات کیے گئے، لیکن ان سب کی تشکیل نو اور دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

’یقیناً نہیں‘

اس سوال کے جواب میں کہ کیا موجودہ عبوری حکومت بنگ بندھو کو بابائے قوم مانتی ہے، انہوں نے جواب دیا کہ ’یقیناً نہیں‘۔

ہمارے بہت سے بانی ہیں

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایسا کرتے تو ہمارے پاس بابائے قوم بالکل بھی نہیں ہوتا۔ اس سرزمین کی جدوجہد میں بہت سے لوگوں نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ ہماری تاریخ صرف 1952 سے شروع نہیں ہوئی تھی۔ ہمارے پاس انگریزوں کیخلاف مزاحمت کی تاریخ ہے۔ 1947 اور 1971 کی تحریکوں کے علاوہ 1990 اور 2024 کی تحریکیں ہیں۔ ہمارے بہت سے بانی ہیں جن کی جدوجہد سے ہم نے کامیابی حاصل کی۔

قومی ایام کی منسوخی

مشیر اطلاعات نے بعض قومی ایام کی منسوخی پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو قومی ایام منسوخ کیے جا رہے ہیں، وہ عوامی لیگ نے عائد کیے تھے، یہ فاشسٹ رویہ تھا، حکومت انہیں غیر اہم سمجھتی ہے، اسی لیے انہیں منسوخ کیا جا رہا ہے۔

مشیر اطلاعات ناہید اسلام نے اشارہ دیا کہ عوامی بغاوتوں کی یاد میں ایک نیا قومی دن مقرر کیا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp