کراچی کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کی جانب سے پارا چنار واقعہ پر دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک بحالی کی کوشش کی جارہی ہے۔ شہری اور ایمبولنسز کو راستہ نہ ملنے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’بیٹے کا چالان کیوں کیا؟‘ ضلعی پولیس افسر کراچی ٹریفک پولیس اہلکار سے لڑ پڑا، ویڈیو وائرل
ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکیں گے
عمان جانے والی فیملی بھی سڑکوں کی بندش کی وجہ سے پریشان ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ 12 بجے ان کی پرواز تھی لیکن جس صورت حال کا انہیں سامنا ہے اس سے لگتا یہ ہے کہ ان کی فلائٹ رہ جائے گی اور وہ ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکیں گے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں پارا چنار واقعے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند، ٹریفک کو 45 کانگرس سے پی پی چورنگی بھیجا جارہا ہے۔ گرو مندر سے سولجر بازار بھیجا، سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری ڈائیورٹ کیا جارہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرو مندر بھیجا جارہا ہے۔ ابو الحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن کے سامنے بھی دونوں سڑکیں بند ہیں۔ یہاں کا ٹریفک پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک اوراندرون گلیوں میں ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔
رینجر کٹ سے سروس روڈ پنجاب اڈہاکی طرف ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے، فائیو اسٹار چورنگی بھی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔ سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔ یونیورسٹی روڈ میٹرو شاپنگ سینٹر نیپا کی جانب بھی سڑک بند ہے۔ ٹریفک کو اندرون علاقوں میں ڈائیورشن دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مین شاہراہ فیصل کالا چھپرا ملیر کی جانب بھی سڑک بند ہے۔ ٹریفک کو ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ بھیجا جارہا ہے۔ ملینیم سے آنے والی ٹریفک ڈرگ روڈ سے شہر کی جانب روانہ کی جا رہی ہے۔
مین نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج چڑھائی آنے جانے والے روڈ بھی بند ہے۔ ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی ڈائیورشن دی جارہی ہے۔ منزل پمپ سے یونس چورنگی کی طرف ٹریفک بھیجی جارہی ہے۔ داؤد چورنگی سے انڈسٹریل ایریا کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں، احتجاجی مظاہروں کے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
زحمت و پریشانی سے بچنے و متبادل راستوں کا انتخاب کریں، معلومات کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔