المناک فضائی حادثے میں جنوبی کوریا کا مسافر طیارہ تباہ، 124 افراد ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

اتوار 29 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی کوریا کے ایک ہوائی اڈے پر 175 مسافروں اور عملے کے 6 افراد کو لے جانے والا طیارہ رن وے سے پھسل کر دیوار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 124 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے یون ہاپ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز 7 سی 2216 بینکاک سے اڑان بھرنے کے بعد سیئول سے قریباً 300 کلومیٹر جنوب مغرب میں موان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔

مزید پڑھیں: 2020طیارہ حادثہ کیس، سندھ ہائیکورٹ نے پی آئی اے سے جواب طلب کرلیا

حادثے کے بعد آسمان پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ کچھ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ طیارے کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات میں موان میں فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ملبے کے اندر ایک مسافر اور عملے کا ایک رکن زندہ پایا گیا ہے۔ فائر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے 32 فائر انجنوں اور سینکڑوں فائر فائٹرز کو متحرک کیا ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہلاکتوں سے نمٹنے کے لیے قریبی شہر گوانگجو کے بڑے اسپتالوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

یون ہاپ کے مطابق طیارے کو پرندوں سے ٹکرانے کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے لینڈنگ گیئر فیل ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارے نے ایک بار لینڈنگ کی کوشش کی تھی جس کے بعد لینڈنگ گیئر معمول کے مطابق نیچے نہ آنے کی وجہ سے لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا۔ جیجو ایئر کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ حادثے کی تفصیلات طلب کر رہے ہیں، جس میں اس کی ہلاکتوں اور وجوہات بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: آذربائیجان کا چیچنیا جانے والا مسافر طیارہ تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

خبر ایجنسی کے مطابق جبکہ حادثہ جنوبی کوریا موان ایئر پورٹ پر پیش آیا۔ طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آ رہا تھا۔

ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ امدادی کارکن طیارے کے پچھلے حصے میں بیٹھے مسافروں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں میں 173 کوریائی اور 2 تھائی لینڈ کے شہری تھے۔

یون ہاپ نیوز کے مطابق، موان-بنکاک بین الاقوامی روٹ کا آغاز صرف 3 ہفتے قبل 8 دسمبر کو کیا گیا تھا، جس میں علاقائی ہوائی اڈے موسم سرما میں 9 ممالک کے 18 بین الاقوامی مقامات کے لیے استعمال ہوں گے۔

نیشنل فائر ایجنسی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ پر صبح 9:03 بجے پہلی ایمرجنسی کال موصول ہونے کے 43 منٹ بعد صبح 9:46 بجے قابو پا لیا گیا تھا۔

جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ کی جانب سے سابق قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذے کے حق میں ووٹنگ کے بعد جمعے کے روز عہدہ سنبھالنے والے چوئی کے لیے یہ پہلا بڑا امتحان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp