ارشد خان چائے والا نے ایک کروڑ روپے کا آئیڈیا کیسے بیچا؟

پیر 30 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ارشد خان کی چند برس قبل چائے بناتے ہوئے وائرل ہونیوالی ایک تصویر نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا، وائرل ہونے کے بعد ارشد خان نے اسلام آباد میں ’چائے والا‘ کے نام سے کیفے بنایا تھا، جسے سی ڈی اے کے کچھ رولز کے پیش نظر بند کرنا پڑا۔

اس کے بعد انہوں نے بالاکوٹ میں اپنا ایک کیفے بنایا، صرف یہی نہیں بلکہ وہ اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لے گئے اور لندن میں اپنے کیفے کی ایک فرنچائز کھولی، جو میگا لانچ کے ایک سال بعد شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوگئی۔

وی نیوز سے خصوصی انٹرویو میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اپنے کاروبار میں مصروف تھے، حال ہی میں پاکستان کے ریالٹی شو ’شارک ٹینک پاکستان‘ میں ان کے آئیڈیا کی بدولت 1 کروڑ کا معاہدہ طے پایا ہے۔

مذکورہ ڈیل سے متعلق ارشد خان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیل ان کے کاروبار کو مزید وسیع کرنے میں کافی زیادہ مدد گار ثابت ہوگی، وہ اب پاکستان میں بھی اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں جلد اپنے ریسٹورنٹ کا آغاز کریں گے۔

شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ارشد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوبز چھوڑا نہیں اور وہ ابھی بھی کمرشل اشتہارات میں کام کرتے ہیں۔ ’ماڈلنگ گھر والوں کی وجہ سے چھوڑنا پڑی، ابھی بھی کچھ تھوڑا بہت کرتا ہوں، چونکہ مذہبی گھرانے سے تعلق تھا تو گھر والے اتنا خوش نہیں تھے۔‘

سیاست پر بات کرتے ہوئے ارشد خان کا موقف تھا کہ انہیں سیاست میں بالکل دلچسپی نہیں۔ ’میں پاکستانی نوجوانوں کو بھی یہی کہنا چاہوں گا کہ سیاست سے دور رہیں اور بزنس میں دلچسپی لیں۔ کیونکہ اس سے ملک اور خود انہیں بھی فائدہ ہوگا۔‘

آپ کا پسندیدہ سیاستدان کون ہے؟ اس سوال پر ارشد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان ان کے پسندیدہ سیاستدان ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان ہی ملک کے لیے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp