پنجاب سے اغوا ہوکر سندھ میں فروخت ہونے والی شریفاں بی بی 44 سال بعد خاندان سے مل گئی

منگل 31 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب سے اغوا ہوکر صرف 3 ہزار روپے میں سندھ میں فروخت کی جانے والی شریفاں بی بی 44 سال بعد اپنے خاندان سے مل گئی۔

65 سالہ خاتون شریفاں کھرل جن کو شریفاں بی بی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو 44 سال قبل ننکانہ صاحب سے اغوا کیا گیا تھا، انہیں 21 سال کی عمر میں اغوا کاروں نے ننکانہ صاحب سے اغوا کیا تھا اور اندرون سندھ میں 3 ہزار روپے میں فروخت کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوشکی سے اغوا ہونے والے مزدور بحفاظت بازیاب

شریفاں بی بی کا کہنا ہے کہ انہیں اغوا کے بعد سندھ کے مختلف اضلاع میں بار بار فروخت کیا گیا،آخر کار دودو کے علاقے بھان سید آباد کے رہائشی رمضان بگھیو نے انہیں خرید کر ان سے نکاح کرلیا،علاقے کے ایک اور نیک دل شخص ایاز بگھیو انہیں خاندان کے افراد سے ملانے میں مدد کی اور وہ 44 سال بعد اپنے خاندان کے افراد سے ملنے میں کامیاب ہوگئیں۔

خاندان سے ملنے پر شریفاں بی بی خوشی سے نہال ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان میں اب صرف اب صرف وہ اور ان کی بہن امیران ہی رہ گئی ہیں، ان کے والدین اور دیگر بہن بھائی انتقال کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کے اغوا کا معاملہ، خفیہ پیشرفت رپورٹ آئینی بینچ کو پیش

دوسری جانب شریفاں بی بی بہن امیران بی بی کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے شریفاں کی تلاش میں گھر کے تمام زیورات تک بیچ دیے، مگر وہ نہ مل سکیں اور وہ شریفاں سے ملنے کی آس میں ہی دنیا سے رخصت ہوگئے۔

بہن کے ملنے کی خوشی کے موقع پر امیران بی بی نے محلے میں مٹھائی بھی بانٹی ہے اور گھر میں میٹھی ڈشز کا اہتمام بھی کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp