چین سے ففتھ جنریشن طیاروں کا حصول، پاکستان کو انڈیا پر فضائی برتری مل گئی

جمعرات 2 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سال کے آغاز میں پاکستان کے لیے دفاعی لحاظ سے اہم خبر سامنے آگئی ہے جس کے مطابق چین پاکستان کو ففتھ جنریشن کے لڑاکے طیارے دینے پر تیار ہے۔ یہ طیارے حاصل کرنے کے بعد پاکستان ایسے  طیارے رکھنے والے دنیا کے چند ایک ممالک میں شامل ہوجائے گا۔

بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق چین پاکستان کو اپنے جدید ترین طیارے، جے۔35 فراہم کرے گا۔ ان لڑاکا طیاروں کا 40  ایئرکرافٹس پر مشتمل پہلا اسکواڈرن 2 سال کے عرصے میں پاک فضائیہ میں شامل ہوگا۔

ففتھ جنریشن طیارے اکیسویں صدی میں سامنے آنے والی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوتے ہیں اور اسٹلتھ ٹیکنالوجی کی وجہ سے یہ طیارے ریڈار سے اوجھل رہنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

چین میں تیار کیے جانے والے جے۔35  طیاروں کی فراہمی پاکستان کو دفاعی لحاظ سے بھارت پربرتری دے گی جس کے پاس تاحال ففتھ جنریشن طیارے موجود نہیں ہیں۔ تاہم بھارت گزشتہ کچھ عرصے سے مقامی طور پر ففتھ جنریشن ائیرکرافٹ تیار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

پاکستان کی طرف سے چین سے جے۔35 طیاروں کی صورت میں ففتھ جنریشن طیارے حاصل کرنے کی باضابطہ تصدیق پچھلے سال جنوری میں پاک فضائی کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کے حصول کی بنیاد رکھی جا چکی ہے۔

اس سے قبل جولائی میں چند میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی پائلیٹس کو ان جے۔35 طیاروں کی تربیت حاصل کرنے کے لیے چین بھیج دیا گیا ہے۔

چین اپنے جے۔35 طیاروں کو پہلی بار گزشتہ مہینے ہونے والی ایک عسکری نمائش میں منظرعام پر لایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp