آصف زرداری شہباز شریف پر آرٹیکل 6 لگوانا چاہتا ہے، شیخ رشید

اتوار 16 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری شہباز شریف پر آرٹیکل 6 لگوا کر اپنے بلاول کو آگے لانا چاہتا ہے۔

افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ پہلی نااہل حکومت ہے جوعدلیہ کے ساتھ ٹکراؤ کرہی ہے۔ اگر ملک میں کوئی انہونی نہ ہوئی تو عمران خان دوبار اقتدار میں آ جائیں گے اور وزیراعظم بنیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 15 جون تک یہ طے ہو جائے گا کہ آئین کے ساتھ جانا ہے یا جنگ و جدل کے ساتھ، لال حویلی اس کی حمایت کرے گی جس کو پی ٹی آئی ٹکٹ دے گی۔

قبل ازیں شیخ رشید نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’عید کی خوشیوں پربھی10روپےکا پیٹرول بم گرادیا ہے، آئی ایم ایف سے اپریل میں بھی معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ ایک طرف گرفتاریاں دوسری طرف مذکرات کا بھونڈا مذاق ہے۔‘

 شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ شہبازشریف توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کی بارودی سرنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اگر ایک دن میں انتخابات کرانے ہیں تو قومی اسمبلی توڑیں جیسے ہم نے صوبائی اسمبلیاں توڑیں ورنہ بحران انتہائی گمبھیر ہو جائے گا۔‘

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’عدلیہ کودھوکا دینے کی کوشش کی گئی تو عدلیہ اپنا آئینی اختیار استعمال کرے گی۔ جو عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں وہ عدلیہ کو للکار رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مزید 39 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اور زرمبادلہ کےذخائر ایک ماہ کی درامدات کے لیے بھی پورے نہیں۔ نہ بجلی گیس کا بل نہ سکول میں داخلہ بلکہ عدلیہ کےساتھ لڑائی حکمرانوں کے دماغی توازن کی نشاندہی کرتی ہے۔ الیکشن کروانے ہوں گے ورنہ فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ نواز شریف واپس نہیں آئیں گے۔‘

سربراہ عوامی مسلم لیگ کے مطابق لاہور کے سینئر وکلا نے کہہ دیا ہے سپریم کورٹ ان کی ریڈ لائن ہے اور 14 اپریل کو الیکشن ہو کر رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp