اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے، احسن اقبال کا شازیہ مری کو جواب

پیر 6 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے مںصوبہ بندی احسن اقبال نے سندھ کے صوبائی وزیر ناصر علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں ہماری 3 اڑانیں کریش کرچکی ہے، چوتھی اڑان کریش کرنے کی گنجائش ہی نہیں ہے۔

حال ہی میں شروع کیے گئے معاشی منصوبہ بندی پر مبنی ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کے بارے میں انہوں نے کہا ہے کہ اس پروگرام میں ہماری پہلی ترجیح ایکسپورٹس میں اضافہ اور دوسری ترجیح ملک کو ٹیکنالوجی کی معیشت میں ڈالنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کی کمی، صحت کی سہولیات کا فقدان اور آبادی کا بڑھتا ہوا رجحان وہ مسائل ہیں جن کا ہمیں سامنا ہے اور ان کے ہوتے ہوئے ہمارے ترقی کےمنصوبے کامیاب نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ’اڑان پاکسان‘ حکومت کا نہیں قوم کا منصوبہ ہے، عوام کے اشتراک سے اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام وزرائے اعلیٰ کو اس میں شامل کرلیا گیا ہے اور ان سے مشاورت بھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ملکی معیشت کو بلندیوں پر لے جانے کا عزم، وزیراعظم نے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کی جانب سے حکومت پر تنقید کے جواب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی موسقیی چلتی رہتی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پی پی پی 2سیاسی جماعتیں ہیں اور ان کے اپنے اپنے نظریات ہیں مگر پاکستان کے نظریے پر دونوں جماعتیں متفق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہمارے ساتھ شامل ہے اور ہم ان کے تعاون سے ’اڑان پاکستان‘ چلا رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت نہ صرف سندھ میں جلد از جلد ترقیاتی فنڈز جاری کرے گی بلکہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نکلنے کی کوششوں میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایس آئی ڈی سی ایل کو ختم کردیا گیا۔ پی ڈبلیو ڈی کو ختم کرکے اس کی جگہ پی آئی ڈی سی ایل کا ادارہ تشکیل دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4 فیصد تک آگئی ہے۔ یہ ہماری حکومت کی کامیابی ہے اور ہمیں لوگوں کو یہ کامیابیاں دکھانی چاہئیں۔

بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے اپنی رسیدیں دکھائیں تو وہ بوگس نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلی رسیدیں دکھائیں گے تو رہا ہوجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp