عمران خان کے لیے ہاؤس اریسٹ کی پیشکش علی امین گنڈاپور لے کر آئے تھے، علیمہ خان

منگل 7 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو پہلے روز سے ڈیل کی آفر ہورہی ہے، لیکن کسی نے براہِ راست رابطہ نہیں کیا، بنی گالہ ہاؤس اریسٹ کی پیشکش علی امین گنڈاپور لے کر آئے تھے۔ عمران خان کو یہ بھی کہا گیا کہ چپ رہو منہ نہ کھولو۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ بھائی ڈیڑھ سال سے جیل میں ہے، بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو کرچکے ہوتے، کیا یہ ڈیڑھ سال جیل میں رکھنے کے بعد اب گھر میں قید رکھنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کیا عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں؟

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دو مطالبات سامنے رکھے ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ بات چیت کرنے والے سنجیدہ نہیں ہیں۔

علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان دو سال سے کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بتایا جائے کیا بانی پی ٹی آئی کے مطالبات قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، مذاکرات چلانے ہیں تو چلائیں روکا کس نے ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہاکہ جیل کے اندر ملاقاتیں کرانے کے لیے صبح 7 بجے دروازے کھلتے ہیں، اب کیوں مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا، فیصلہ تو عمران خان نے کرنا ہے، کمیٹی ملے گی تو کوئی بات ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں انہوں نے تو ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سنجیدگی دکھائے تو پھر دیگر مطالبات پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج عمران خان سے صرف فیملی معاملات پر بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں بیرونی دباؤ پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان کی رہائی عوامی طاقت کے سہارے ہوگی، علی امین گنڈاپور

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہے، اس سے قبل بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں، تاہم تیسری میٹنگ کا وقت سامنے نہیں آسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp