’کراچی کا کھانا فارغ ہے‘، علی خان ترین نے اپنے بیان کی وضاحت کیوں کی؟

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ کراچی میں کرائیں جس پر ہم نے کہا کہ کراچی کا اسٹیڈیم اور تماشائی فارغ ہیں آپ جنگلوں میں پھنسے ہوتے ہیں اور کچھ نظر نہیں آ رہا ہوتا۔

علی ترین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی سی بی سے کہا کہ آپ کے وی آئی پی باکسز، واش رومز اور کھانا فارغ ہیں وہاں میچز نہ کرائیں لیکن پی سی بی اس بات پر راضی نہیں ہوا اور کہا کہ کراچی ہمارا سب سے بڑا شہر ہے لیکن جب میچ ہوا تو اسٹیڈیم میں گن کر 30 لوگ تھے جس پر پی سی بی نے کہا کہ یہ بہت حیران کن ہے علی ترین نے جواباً کہا کہ کس کے لیے؟ یہ کسی کے لیے بھی حیران کن بات نہیں ہے۔

حال ہی میں علی ترین نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے حالیہ انٹرویو نے کچھ تنازعہ پیدا کیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ اس کی وضاحت پیش کر دوں۔

یہ بھی پڑھیں: علی ترین نے ورلڈ کپ میں شکست کا ذمہ دار عماد وسیم کو کیوں قرار دیا؟

انہوں نے کہا کہ مجھے کراچی بہت پسند ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہاں کا کھانا پورے ملک میں سب سے بہترین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں صرف اسٹیڈیم کے اندر موجود کھانے اور میچ دیکھنے کے تجربے پر تنقید کر رہا تھا۔

علی ترین نے کہا کہ ایک کرکٹ کے شوقین کے طور پر مجھے وی آئی پی باکسز کے بجائے انکلوژرز میں میچز دیکھنا زیادہ پسند ہے۔ اور یہ تجربہ نیشنل اسٹیڈیم کے سوا ہر جگہ شاندار ہوتا ہے۔

اپنے وضاحتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میچ دیکھنے کا منظر انتہائی مایوس کن ہے، باتھرومز کی حالت بھی غیر مناسب ہے اور کھانے پیسے کی اشیا کے اختیارات بھی بہت محدود ہیں۔ کراچی کے عوام کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔

علی ترین کا مزید کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے اس وقت اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ہو رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سے مداحوں کو بہتر تجربہ ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp