وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت ’مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘ کے موضوع پر 11 تا 12 جنوری 2025 ایک تاریخی 2 روزہ تقریب کی میزبانی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسکولوں میں قرآن اور اسلامیات کی تعلیم لازمی قرار دینے سے متعلق کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری
عالمی سربراہی اجلاس کا مقصد دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کو آگے بڑھانے میں درپیش چیلنجز اور مواقع سے نمٹنا ہے۔ کانفرنس اعلیٰ سطحی بات چیت اور تعاون کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
تقریب کا افتتاح وزیر اعظم محمد شہباز شریف کریں گے جو افتتاحی سیشن میں کلیدی خطاب کریں گے اور لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
اس تقریب میں 44 مسلم اور دوست ممالک کے وزرا، سفیروں، اسکالرز اور ماہرین تعلیم، یونیسکو، یونیسیف اور ورلڈ بینک سمیت بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سمیت 150 سے زائد بین الاقوامی شخصیات کو اکٹھا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیے: دنیا کی معروف مفت آن لائن تعلیمی درسگاہ پاکستان میں بھی کھل گئی
کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہوگا جس میں تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے، جامع اور پائیدار تعلیمی اصلاحات کے لیے راہ ہموار کرنے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے مسلم کمیونٹی کے مشترکہ عزم کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔