’کرنا نہیں چاہتی لیکن شادی ہوجاتی ہے‘، سابقہ اداکارہ نشو

جمعرات 9 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ نشو بیگم نے کہا ہے کہ وہ شادی کرنا نہیں چاہتیں لیکن ان سے شادی ہوجاتی ہے۔

اداکارہ نشو نے حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی متعدد شادیوں اور پروپوزل کے بارے میں کُھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں لوگوں کے پروپوزل کو کتنا روک سکتی ہوں ایسے تو میں اپنے ہی صبر کا امتحان لے رہی ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: نشو بیگم کے بیٹی صاحبہ کے ساتھ تعلقات کیوں کشیدہ ہوئے؟

 شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ یہ دلکشی ایسے ہی قائم رہے۔ اداکارہ نشو نے شریک مہمان گلوکار رفاقت علی کو بھی دوبارہ شادی کرنے کا مشورہ دیا۔ نشو نے مزید کہا کہ انہیں سیاست میں آنے کی آفر ہے لیکن انہیں جیل میں جانے سے ڈر لگتا ہے۔

خیال رہے کہ نشو بیگم کے شوہر فلم ساز کاظم پاشا 2017 میں عارضہ قلب کی وجہ سے 65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ اس سے قبل بھی اداکارہ نے 2 شادیاں کیں، اور دونوں ہی طلاق پر ختم ہوئیں۔

نشو بیگم نے پہلی شادی کیریئر کے آغاز میں امام ربانی سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹی اداکارہ صاحبہ ہیں جو 42 سال بعد اپنے حقیقی والد سے پہلی بار ملی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ صاحبہ کا اصل نام کیا ہے؟ ماں نے شادی روکنے کی کوشش کیوں کی؟

امام ربانی سے شادی ختم ہونے کے بعد نشو بیگم نے دوسری شادی بھی فلم ساز سے کی تھی لیکن وہ بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی تھی، جس کے بعد انہوں نے تیسری شادی کاظم پاشا سے کی اور 2017 میں ان کا انتقال ہوگیا۔

اب نشو بیگم نے زائد العمری میں انکشاف کیا ہے کہ لوگ اب بھی انہیں شادی کی پیشکش کرتے ہیں لیکن ان کا رشتہ ازدواج میں بندھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’آپ کی آنکھیں بالکل والد کی طرح ہیں‘ اداکارہ صاحبہ کی والد سے پہلی ملاقات کے بعد صارفین کے تبصرے

سابق پاکستانی فلم آرٹسٹ نشو بیگم اسٹار اداکارہ صاحبہ کی والدہ ہیں، وہ رنگیلا، جال، ٹائیگر گینگ، انسان اور گدھا، کبریٰ عاشق، بہشت، فراز، شکوہ اور دیگر جیسی فلموں میں نظر آچکی ہیں۔ ان کی حالیہ مقبول فلم باجی تھی جس میں انہوں نے میرا کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کو شوبز کی دنیا میں نشا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

نشو بیگم اب یوٹیوب پر اپنا وی لاگ بھی کرتی ہیں، وی لاگز میں وہ اکثر اپنے خاندانی مسائل کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔ نشو بیگم نے کچھ دن ہفتے قبل اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنی بیٹی صاحبہ کو دیکھے ہوئے 8 مہینے ہوگئے ہیں اور اس دُوری کی وجہ صاحبہ کے والد ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال کو قبول کرچکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp