پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گودار میں قائم ’نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ سے پہلی پرواز 10 جنوری کو مسقط کے لیے روانہ ہوگی۔
اس سے قبل پی آئی اے نے یکم جنوری کو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن کا اعلان کیا تھا، تاہم کچھ وجوہات کے باعث اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروزایں اڑان بھرنے کو تیار
یاد رہے کہ اکتوبر 2024 میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستان کے دورے کے موقع پر نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اسلام آباد سے ورچوئل افتتاح کیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست 2024 کو گوادر ایئرپورٹ کے افتتاح کا اعلان کرچکے تھے، تاہم بعد ازاں اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔
مبصبرین کے مطابق نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا آپریشنل ہونا گوادر کو عالمی سطح کا تجارتی اور سیاحتی مرکز بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے تجارت، سرمایہ کاری آئے گی، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکنیکی قبولیت کی دستاویزات کا تبادلہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر پر تقربیاً 66 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔ اس منصوبے کی بنیاد 2019 میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے رکھی تھی، تاہم کام کا آغاز 2024 میں کیا گیا تھا۔
 
         
                
             
         
              
              
              
              
                 
                    













