نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی اور سہ فریقی سیریز کے لیے میچل سینٹنر کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔
ٹیم کے کپتان نے کرکٹ بورڈ کے ایکس اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ایک خالی اسٹیڈیم میں بیٹھے اسکواڈ کے کھلاڑیوں کا فرداً فرداً تعارف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو میں انہوں نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا اور بتایا کہ اسکواڈ میں کین ولیمسن، ڈیرل مچل اور مائیکل بریسویل شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مارک چیپمین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم اور گلین فلپس کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ول او رورکی، رچن روندرا، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ اور ول ینگ بھی پاکستان میں ہونے والے اس اہم ایونٹ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کریں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ فریقی سیریز 8 فروری سے 14 فروری کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہورہا ہے جس کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔