داسو ڈیم میگا منصوبے پر کام کرنے والا چینی باشندہ گرفتار، ایف آئی آر درج

پیر 17 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپر کوہستان میں پولیس نے عوامی احتجاج اور مظاہروں کے بعد چینی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے جس پر اہانت آمیز باتیں کرنے کا الزام ہے۔ کمیلہ پولیس اسٹیشن میں داسو ڈیم میگا منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہری کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

کمیلہ کے محرر محمد سلیم نے ’وی نیوز‘ کو ایف آئی آر اور گرفتاری کی تصدیق کر دی اور بتایا کہ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ واقعہ 15 اپریل کو پیش آیا تھا، تاہم اس کا انکشاف گزشتہ شب ہوا جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ داسو پروجیکٹ کے سامنے جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار چینی باشندہ منصوبے میں بھاری مشینری ہیڈ ہیں۔

محمد سلیم کے مطابق اب تک جو معلومات سامنے آئی ہیں، ان کے مطابق 15 اپریل کو تروایح کے لیے جانے والے نمازیوں کے ساتھ چینی باشندے کی کچھ بحث ہوئی تھی، اس نے چینی زبان میں  کچھ باتیں کہی تھیں جس کے بعد معاملہ ختم ہو گیا تاہم حالات اس وقت خراب ہوئے جب چینی زبان سمجھنے والے بعض پاکستانی ورکرز نے چینی افسر کی باتوں کا ترجمہ کیا جس پر لوگ مشتعل ہو گئے۔

بعدازاں اس واقعے کے خلاف پورے کوہستان میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے، مظاہرین چینی باشندے کی گرفتاری اور اس کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے  کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر وائرل پر ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین داسو پروجیکٹ گیٹ کے باہر نعرہ بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کیمپ میں داخلے کی کوشش بھی کی ۔ مظاہرین نے تھانے کے سامنے بھی مظاہرہ اور پتھراؤ بھی کیا۔

محمد سلیم نے بتایا کہ پولیس نے داسو کیمپ سے چینی باشندے کو گرفتار کیا اور پی پی سی 295 سی اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ انہوں نےمزید بتایا کہ ملزم کو جلد عدالت میں جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے پیش کیا جائے گا۔

محرر نے مزید بتایا کہ ایف آئی آر کے اندراج اور ملزم کی گرفتاری کے بعد حالات اب قابو میں ہیں، مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp