گوادر کی منفرد بیچ کنٹینر لائبریری

پیر 13 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں کنٹینرز اکثر سیاسی سرگرمیوں اور روڑ بلاک کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، مگر گوادر کے نوجوانوں نے کنٹینر کو ایک ایسے منفرد کام کے لیے استعمال کیا ہے جس سے نہ صرف گوادر کے طالب علم مستفید ہو رہے ہیں بلکہ اس کنٹینر نما لائبریری میں آرٹ اور میوزک کے کلاسسز بھی ہو رہی ہیں۔

گوادر کے ساحل پر موجود اس کنٹینر کو گوادر کے کچھ نوجوانوں نے ایک منفرد لائبریری میں تبدیل کر دیا ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں سے گوادر آنے والے لوگ اس لائبریری کا وزٹ کرتے اور نوجوانوں کی علم دوستی کو خوب سراہتے ہیں۔

اس لائبریری میں مختلف موضوعات پر ایک ہزار کے قریب کتابیں موجود ہیں۔ یہاں امتحانات کے وقت رش رہتا ہے کیونکہ طالب علم امتحانات کی تیاری کے لیے اس پر سکون جگہ کا انتخاب کرتے ہیں۔

بیچ کنٹینر لائبریری گوادر کے ایک منتظم نصیر محمد نے وی نیوز کو بتایا کہ  آج سے 5 سال قبل 2019 مین روٹری کلب پاکستان نے  10 ہزار کتابوں سے بھرا ایک کنٹینر  عطیہ کیا تھا، یہ کتب ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں اور  لائبریریوں میں تقسیم کئی گئیں۔ اس وقت ہماری تنظیم بامسار تعلیم پر کام کر رہی تھی۔

اس کے بعد ہمارے دوستوں نے مشورہ کیا کہ اس کنٹینر کو گوادر کے کسی ایسی جگہ پر رکھا جائے ،جس سے مقامی لوگ مستفید ہوسکیں۔ تو ہمارے ذہن میں یہ خیال آیا کہ اسے سمندر کے کنارے رکھ کر لائبریری بنایا جائے۔

پاکستان میں کنٹینر کو زیادہ تر سیاسی سرگرمیوں اور روڑ بلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم نے اس کنٹینر کو سمندر کے کنارے رکھ کر لائبریری میں بدل دیا ہے۔ اس کام میں ضلعی انتظامیہ اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ہمارے ساتھ بہت  تعاون کیا انہی کے تعاون سے یہ کام ممکن ہوا۔

یہ لائبریری گزشتہ 5 سال سے قائم ہے، یہاں روزانہ  5 سے 10 طلبا و طالبات مطالعہ کے لیے آتے ہیں۔ گوادر اسکول آف آرٹس گروپ کی طرف سے یہاں آرٹ اور میوزک کے کلاسز بھی ہوتی ہیں۔

گوادر اسکول آف آرٹس میں گٹار کے ایک طالب علم اسد بلوچ نے بتایا کہ بامسار کے تعاون سے بیچ کنٹینر لائبریری میں پینٹگز اور گٹار کے کلاسیں ہوتی ہیں، اور میں یہاں گٹار بجانا سیکھ رہا ہوں۔

 بلوچستان آرٹ کا ایک گڑھ مانا جاتا ہے اور گوادر میں آرٹسٹ بہت ہیں۔

گوادر یونیورسٹی کے ایک طالب علم محمد موسیٰ نے بتایا کہ ہم روز شام  کو یہاں پڑھائی کرتے ہیں اور مختلف کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں پڑھائی کے ساتھ ساتھ سمندر کی خوبصورتی کا لطف اٹھاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp