مایہ ناز بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’تارے زمیں پر‘ کو واہیات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی فلمیں نہیں دیکھتے۔
یوگراج سنگھ نے حال ہی میں بالی ووڈ کی فلموں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خاص طور پر عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ کے حوالے سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایسی فلموں کو دیکھنا پسند نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئیل ’ستارے زمین پر‘ کب ریلیز ہوگا؟
یوگراج سنگھ نے بچوں کی پرورش پر بات کرتے ہوئے کہا، ’بچہ وہی بنے گا جو باپ کہے گا‘، جس کا مطلب تھا کہ بچے کی ترقی میں والد کا اثر بہت اہم ہوتا ہے۔
2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تارے زمین پر‘ میں ’ڈسلیکسیا‘ کے مرض پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ اس فلم میں عامر خان نے آرٹس ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں وہ طالبعلم ایشان اوستھی کو ڈسلیکسیا کے مرض پر قابو پانے اور اس کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اس کی مدد کرتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔’تارے زمین پر‘ میں طالب علم ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے نبھایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: زمیں کے تارے
اب عامر خان فلم ’تارے زمین پر‘ کے سیکوئیل ’ستارے زمین پر‘ پر کام کر رہے ہیں۔ اس فلم میں بھی ذہنی بیماری ’ڈاؤن سنڈروم‘ کو اجاگر کیا جائے گا۔ فلموں کی تھیم ایک سی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عامرخان نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی فلم ناظرین کو محظوظ کرنے کے لحاظ سے 10 گنا زیادہ بہتر ہوگی۔ یہ اداسی اور کامیڈی سے بھرپور بھی ہوگی۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ اس فلم میں ان کا کردار ایک بچے کے بجائے تمام بچوں کی مدد کرے گا۔
پہلے فلم کو دسمبر 2024 میں ریلیز کرنے کا ارادہ تھا، لیکن عامر خان نے اسے ملتوی کر کے گرمیوں 2025 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فلم کو مکمل طور پر بہتر بنایا جا سکے۔