عثمان قادر کا پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ، اب کس ملک میں کرکٹ کھیلیں گے؟

بدھ 15 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ حاصل کرلینے والے لیگ اسپنر قومی ٹیم کے سابق اسپن بولر عثمان قادر کرکٹ میں اپنا نیا مستقبل تلاش کرنے کے لیے آسٹریلیا واپس چلے گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹر عثمان قادر نے نیو ساؤتھ ویلز میں رہائش اختیار کر لی ہے جہاں وہ سڈنی میں ہاکسبری کلب کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لیگ اسپنر عثمان قادر کا پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، وجہ کیا بتائی؟

عثمان قادر نے گزشتہ برس اکتوبر میں مایوس ہو کر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ وہ اپنے مرحوم والد عبدالقادر کی خواہش پر آسٹریلیا چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔

پاکستان کے سابق کرکٹر مرحوم عبدالقادر اپنے بیٹے عثمان قادر کو پاکستان کی جانب سے کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے۔

عثمان قادر نے ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

مزید پڑھیے: سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد بنگلا دیش کے اسپن بولنگ کوچ مقرر

عثمان قادر نے ساؤتھ آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ وہ پرتھ اور ایڈیلیڈ کی جانب سے بگ بیش لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔

انہیں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کی جانب سے بھی کھیلنے کا اعزاز ملا۔

اب وہ آسٹریلیا میں ہی کرکٹ کھیلنے کا منصوبہ لے کر دوبارہ آسٹریلیا چلے گئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ جو فی الحال پاکستان میں ہی ہیں بھی جلد آسٹریلیا چلے جائیں گے۔

عثمان قادر نے کہا ہے کہ کرکٹ ہی میرا روزگار ہے اور میں پرامید ہوں کہ کرکٹ میں ہی (آسٹریلیا میں) مجھے اچھے مواقع ملیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp