کچھ سابق کرکٹرز بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹوانا چاہتے ہیں، راشد لطیف

پیر 17 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے کہا ہے کہ بابر اعظم خود کو تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز کی صف میں لا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ انہیں کپتانی سے ہٹوانا چاہتے ہیں۔

راشد لطیف نے بابر اعظم کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں چند سابق ’سپر اسٹار‘ کرکٹرز نے مبینہ طور پر قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بورڈ میں موجود اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں کپتانی سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سابق پاکستانی کھلاڑی راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں اصل مسئلہ بابر اعظم کی کپتانی کا نہیں بلکہ ان کی طاقت کا ہے ایسا لگتا ہے کہ بابراعظم اور پاکستان کے کچھ سابق سپر اسٹار کرکٹرز کے درمیان کوئی مسئلہ چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سابق کرکٹرز نے بورڈ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بابر اعظم سے کپتانی چھیننے کی کوشش کی ہے۔

راشد لطیف نے بابراعظم کی صلاحتیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنے آپ کو تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک بنا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بابر کی بلے بازی پر توجہ نہیں دوں گا کیونکہ ہم نے اسے اپنی آنکھوں کے سامنے لاتعداد سنچریاں اسکور کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ سنچریاں بنانا بابر کے لیے معمول بات ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ ریٹائر ہو جائیں گے تو بلاشبہ بابر اعظم کو تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

سابق کھلاڑی نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے اپنا اے گیم دینے کے باوجود بھی کچھ لوگ ان کی کپتانی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

راشد لطیف نے کہا کہ بابر کو کپتانی سے ہٹانے کی کوشش کرنے والے افراد کو باز آنا چاہیے کیونکہ اس سے صرف  پاکستان کی کرکٹ کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم اپنے بلے سے رنز اگل کر پہلے ہی اپنے ناقدین کو جواب دے رہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp