ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار شخص کو باندرا پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سیف علی خان پر گزشتہ روز نامعلوم حملہ آور کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہوئے تھے پھر یہ قیاس آرائیاں سامنے آئیں کہ حملہ آور نے اداکار سے 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ تاہم جوائنٹ کمشنر ستیا نارائن چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور کی جانب سے 1 کروڑ روپے کے مطالبے کی بات غلط ہے یہ محض چوری کی کوشش کا واقعہ تھا اور ملزم آگ لگنے کی صورت میں ایگزٹ والے راستے سے گھر میں داخل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: حملہ آور کا سیف علی خان سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ، پولیس نے مزید کیا بتایا؟
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے گئے، ڈاکٹروں نے بتایا کہ اداکار کو گہرے زخم آئے، جن میں سے ایک ریڑھ کی ہڈی کے قریب اور دوسرا بائیں ہاتھ کی کلائی پر تھا جس وجہ سے اداکار کی سرجری کی گئی اور اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی رات قریباً 2 بجے پیش آیا، اس دوران سیف علی خان کی چور سے ہاتھا پائی ہوئی اور وہ زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگیا۔ بعد ازاں انہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔














