آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اورجنوبی افریقی کے درمیان سہ فریقی ٹورنامنٹ کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان میں ہونے والے اس سہ فریقی ٹورنامنٹ کے شیڈول میں ردوبدل ایک لیگ اسٹیج میچ اور فائنل میچ کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سہ فریقی سیریز کے میچز ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل، فائنل کہاں کھیلا جائے گا؟
سہ فریقی ٹورنامنٹ کا آخری میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 12 فروری کو کھیلا جانا تھا جو اب 13 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 14 فروری کو کراچی میں شیڈول تھا جو اب 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی ٹورنامنٹ 8 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کی جانے والی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: انڈیا نے اسکواڈ کا اعلان کردیا، کن اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی؟
قبل ازیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل کر دی تھی، تینوں ٹیموں کے درمیان اب تمام میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں ملتان اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کے باعث پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کے تمام میچز ملتان سے لاہوراور کراچی منتقل کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق، تینوں ٹیموں کے درمیان اب یہ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔