مریم نواز شریف نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ کی پیشکش کردی

پیر 20 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دینے کی مشروط پیشکش کردی ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر اسٹوڈنٹ کو اسکالرشپ میرٹ پر ملی ہے، 30 ہزار اسکالرشپ دی گئی ہیں، ایک بھی اسکالرشپ کی کی سفارش پر نہیں ملی، اگر کوئی ایک طالب علم یہ کہہ دے کہ اسے کسی وزیر یا کسی اور کی سفارش پر اسکالرشپ ملی ہے تومیں استعفیٰ دے کرگھر چلی جاؤں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں سڑکوں اور طبی مراکز کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ وہ طلبا سے اتنا ہی پیار کرتی ہیں، جتنا اپنے بچوں سے کرتی ہیں، جتنا طلبا کے والدین کو اسکالر شپ لینے پر ان پر فخر ہے اس سے زیادہ مجھے فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اسکالر شپ کی تقاریب ختم ہوجائیں گی، اس کے بعد لیپ ٹاپ اور ای بائیکس لے کر طلبا کے پاس آئیں گی۔ ’مجھے طلبا سے اتنا اچھا ریسپانس مل رہا ہے، مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ یہ کیا ہوگیا ہے، مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ میری اور طلبا کے درمیان محبت کو کیا نام دیں، کل ٹی وی دیکھ رہی تھی، مخالفین ٹی وی پر کہہ رہے تھے چند بچوں کو اکٹھا کرکے سکھایا ہوتا ہے، ان کا قصور نہیں انہوں نے جھوٹ میں آنکھ کھولی، مخالفین جھوٹ میں ہی پلے بڑھے، مخالفین کو نہیں پتا بچوں اورمیرے درمیان محبت کا کیسا رشتہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کا یہ مطلب ہے آئندہ چند سال میں ملک کے نوجوان ہی ملک کا جھنڈا اٹھا کے ملک کے فیصلے کریں گے، چین اور جاپان میں بزرگ شہری زیادہ ہیں، طلبا خود کو ملک سمجھ کر فیصلے کریں، ہر طالب علم ملک کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ اب ہر بچہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے گا، کوئی بچہ اعلیٰ یونیورسٹی میں داخلے سے اس لیے محروم نہیں رہے گا کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہے، نئے تعلیمی سال میں 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی، بہت جلدی سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے اسٹوڈنٹس کے لیے بھی اسکالرشپ دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کو جس سیل میں رکھا گیا اس کا مریم نواز سے کیا تعلق ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخو اکے بچوں کی درخواستیں آرہی ہیں ہمارا بھی کچھ سوچیں، میرادل ہے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بچوں کیلئے بھی سکالر شپس لیکر جاؤں، پاکستان میں جھوٹ کا ایک سیلاب بھی آیا ہے، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا نے چیزوں کو آسان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے، جب سچ تسمے باندھ رہا ہوتا ہے جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگا کے آجاتا ہے، جب سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ آئے تو پہلے اپنے ملک کو سامنے رکھ کردیکھو، یہ ملک ہماری ماں ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ جب میری حکومت ہے تو کہو ملک بہت اچھا ہے، جب میری حکومت نہ ہوتو کہو کہ باہر نکلو، ملک جلا دو، آگ لگا دو، سرپھاڑ دو، پٹرول بم بنا دو، یہ نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح اسکالرشپ میرٹ پر ملتی ہے، جب آپ فیصلہ کررہے ہیں تو وہ بھی میرٹ پر دیکھو، یہ آپ کے اکیلے کا فیصلہ نہیں ہے، جو فیصلہ آپ کرو گے اس کا اثر ملک پر پڑے گا، کیوں کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں ملک کا مستقبل ہے۔

میرے بدترین مخالف کی حکومت تھی، جس نے مجھے ڈیتھ سیل میں ڈالا، میری ماں چلی گئی، میرے بوڑھے والد کو جیل میں ڈالا، لیکن آج تک ہم نے نہیں کہا کہ باہر نکلو اور ملک کو جلا دو کیوں کہ حکومت کسی اور کی ہو، ملک و وطن تو میرا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’حادثات میں اضافہ ہوگا‘ مریم نواز کی جانب سے بائیکرز کی الگ لین بنانے پر صارفین کے تبصرے

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قید کے وقت میں نے سیاسی مہم چلائی، مجھے میرے والد کہہ سکتے تھے کہ دوسروں کے بچوں کو آگے لاؤ، حکومت کسی کی بھی ہو پاکستان اور ملک تو میرا ہے ، ہم 9مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں، ہم پاکستان والے ہیں، تذلیل کی زبان مخالفین کو مبارک ہو،ہم تدریس کی زبان والے ہیں، ہم ڈنڈا بردار نہیں ہیں،ہم علم کے علمبردار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  جو بچے جیلوں میں پڑے ہیں ان کے والدین سے پوچھیں، ان بچوں کو سکھایا کسی اور نے اور بھگتنا بچوں کو پڑرہا ہے، آج وہ بچے معافیاں مانگ مانگ کر جیلوں سے باہر آرہے ہیں، بچو کبھی کسی کے بہکاوے میں نہ آنا، جن لوگوں نے ان کو بہکایا ان کے بچے ملک سے باہر آرام سے رہ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp