پاکستان غزہ کی تعمیر نو میں اپنا فرض ادا کرے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف

منگل 21 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ تمام اشاریے خوش آئند ہیں، درست راستے پر قائم رہیں گے تو معیشت مضبوط ہوگی۔ فتنہ الخوارج کے حوالے جو کاوشیں جاری ہیں وہ قابل ستائش ہیں، پاکستان کے عوام شہدا کے شکر گزار ہیں ان کا قرض نہیں اتارا جاسکتا، شہدا کی قربانیوں کی جتنی تعظیم کی جائے کم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی غزہ میں شہید ہوئے جن میں خواتین، بچے، ڈاکٹرز، انجینئرز، نوجوان سب شامل ہیں۔ ہزاروں کو جیلوں میں بند کردیا گیا اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے۔ ہم سب دست بہ دعا ہیں کہ حماس اسرائیل جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے۔

مزید پڑھیں: جنگ بندی کے بعد 630 امدادی ٹرک غزہ میں داخل

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی آزادی اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی ہم سے جو بن سکا ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ غزہ میں اب تعمیر نو کا مرحلہ بھی شروع ہونے والا ہے، جس میں پاکستان اپنا حصہ ڈالتے ہوئے فرض ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ہے، یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ یہ منصوبہ چین کے 2 سو 30 ملین ڈالر کی گرانٹ سے مکمل ہوا۔ پاکستان کے بڑے ایئر پورٹس میں گوادر ایئر پورٹ کا شمار ہوگا۔ چین نے اپنے وسائل سے تحفتاً یہ ایئر پورٹ تعمیر کیا۔ گوادر ایئر پورٹ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چین جیسا دوست ملک، جس نے اپنے وسائل سے پاکستان کو تحفتاً یہ پورٹ دیا ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں:نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کا آغاز، ایئرپورٹ پر کون سی سہولیات دستیاب ہیں؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستان کے ساتھ دشمنی پر اترے ہوئے ہیں اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں، انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قتل و غارت کرکے وہ نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جا رہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحاً دشمنی ہے، جو بھی محاذ آرائی کررہے ہیں یہ پاکستان دشمنی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی ایکسپورٹس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ دسمبر میں اس شعبے میں 348 ملین ڈالرز  کی آئی ٹی ایکسپورٹس ہوئی ہیں۔ اس کے لیے میں اس پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے، جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ اسی طرح حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے جامع پروگرام کا علان کیا تھا، اسے بھی مزید آگے بڑھائیں گے۔ حکومت ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کے لیے اپنی تمام کاوشیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈبینک نے طویل مدتی شراکت داری کا فریم ورک بنایا ہے، جس کے تحت آئندہ 10 برس میں 20 ارب ڈالر کی پاکستان میں  سرمایہ کاری کی جائے گی۔ گو کہ یہ قرض ہے تاہم اگر ہمارے شعبوں کو عالمی اداروں کے ذریعے تقویت ملتی ہے تو ہمیں اس کو یقیناً خوش آمدید کہنا ہوگا اور اس کی راہ میں آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ بینک نے فلڈ ریلیف کے لیے 45 کروڑ ڈالر کا اضافی قرضہ منظور کرلیا

انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے خاتمے کے لیے جو کاوشیں جاری ہیں، جو قربانیاں دی جا رہی ہیں، حکومت اور عوام چاہ کر بھی شہدا کا قرض نہیں اتار سکتے، جس کے بدلے میں ملک میں امن قائم ہوگا اور ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ہمیں من حیث القوم پوری طرح ادراک ہونا چاہیے کہ اپنے بچوں کو یتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچانا، اس سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حج کی آمد ہے، امید ہے اس سال پاکستانی عازمین کے لیے  مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ سمیت تمام مقامات پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp