چاہت فتح علی خان کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہونے پر معروف ماڈل اور اداکارہ متھیرا نے بھی اپنا ردعمل دے دیا۔
متھیرا نے چاہت فتح علی خان کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ اس انداز میں ویڈیو بنانا انتہائی بری حرکت تھی۔ اور یہ وائرل ویڈیو ان کے شو کے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح علی خان کی جانب سے عجیب اینگل سے بنائی گئی تھی۔
ماڈل کے مطابق وہ اپنے سیٹ سے روانگی کے لیے تیار تھیں، ان کی گاڑی باہر کھڑی ہوئی تھی، اس دوران چاہت فتح علی خان نے ویڈیو بنائی جس کے فوری بعد وہ سیٹ سے چلی گئیں۔
متھیرا کا کہنا تھا کہ وہ مہمانوں کو ہمیشہ عزت دیتی ہیں اور ان سے پیار سے اور اچھے انداز میں پیش آتی ہیں لیکن چاہت نے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بولڈ ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ کوئی بھی انہیں دیکھے اور گلے لگالے یا ان کی پشت پر ہاتھ رکھ دے۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگ شہرت کے لیےعجیب عجیب حرکتیں کرتے ہیں، انہیں بہت مایوسی ہوئی ہے۔ معلوم نہیں کہ چاہت فتح علی خان نے یہ حرکت کیوں کی ہے۔ متھیرا کے مطابق انہوں نے چاہت فتح علی خان سے بات بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ یہ ویڈیو ہٹادیں گے لیکن نہ تو ان کے پیج سے وڈیو ہٹائی گئی ہے اور نہ ہی معافی مانگی گئی ہے۔
متھیرا نے ناظرین سے کہا کہ اگر وہ انہیں کہیں دیکھیں تو نہ انہیں گلے لگائیں اور نہ ہاتھ ملانے کی کوشش کریں۔
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان اور متھیرا کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں چاہت فتح علی خان اداکارہ کو گلے لگاتے اور ان سے ہاتھ ملاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
View this post on Instagram