ریاض سیزن کے تحت پیرس سینٹ جیرمین اور الہلال اور النصر کے سٹار کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے فٹبال میچ کی ممتاز ٹکٹ 10 ملین ریال میں فروخت ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 10 دن تک ممتاز ٹکٹ پر بولی لگتی رہی یہاں تک کہ اس کی قیمت 10 ملین ریال تک پہنچ گئی۔
سعودی عرب میں رونالڈو اور میسی کا مقابلہ، قیمت ایک کروڑ ریال تک پہنچ گئی
انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں ٹکٹ خریدنے والے تاجر مشرف الغامدی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ ٹکٹ کی پوری قیمت خیراتی تنظیم احسان کے حوالے کردی جائے گی۔ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ’اپنے بھائی مشرف الغامدی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے خیراتی اور فلاحی کام میں حصہ ڈالا ہے۔‘
’ان سے گزارش ہے کہ تیار ہوجائیں، ہماری سرگرمیاں آج سے شروع ہوجائیں گی۔‘
یاد رہے کہ برادرانہ میچ کی منفرد اور ممتاز ٹکٹ پر گزشتہ 10 دنوں سے بولی لگی ہوئی ہے جس کا آغاز سعودی تاجر عبد العزیز بغلف نے 25 لاکھ ریال سے کیا ہے۔
بعد ازاں ٹکٹ پر بولیاں لگتی رہیں یہاں تک کہ معروف تاجر مشرف الغامدی نے اس پر 10 ملین ریال کی بولی لگا دی۔