پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر شدید علالت کے بعد اسپتال منتقل ہو گئیں۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوریز شیئر کیں جس میں انہوں نے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق آگاہ کیا۔
صبا قمر نے کہا کہ بہت سے لوگ ان کے بارے میں کافی پریشان ہو رہے تھے اس لیے وہ مداحوں کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں کہ وہ شدید ڈائریا کا شکار ہوگئی تھیں لیکن اب وہ کافی بہتر محسوس کر رہی ہیں اور صحتیاب ہو رہی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ سب کی دعائیں اور محبت ان کے لیے بہت اہم ہے اور وہ وعدہ کرتی ہیں کہ وہ بہت جلد واپس آئیں گی۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو ان کے لیے فکر مند تھے۔
صبا قمر کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں نامور سینئر اداکارہ حنابیات اور آمنہ شیخ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جنہیں صبا قمر نے اپنا خاندان قرار دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے صبا قمر نے اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ وہ تھوڑی دیر کے لیے وقفہ لے رہی ہیں، اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ کبھی کبھی زندگی میں آپ کو صرف ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑتا ہے، تھوڑی دیر کے لیے خاموش رہنا پڑتا ہے، اور اپنے آپ کو سننے اور دوبارہ چارج کرنے کے لیے وقت دینا پڑتا ہے۔