فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان آج مزید قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا، جس کے لیے حماس نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق، حماس کی جانب سے 3 اسرائیلیوں اور 5 تھائی شہریوں کو رہا کیا جائے گا، جس کے بدلے میں اسرائیل 30 بچوں سمیت 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ قیدیوں کا یہ تبادلہ ایک خصوصی مقام پر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حماس 4 اسرائیلی فوجی خواتین کے بدلے مزید 200 فلسطینی رہا کروانے میں کامیاب
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کی جانب سے آج ہونے والے قیدیوں کے تبادلے کے لیے خان یونس میں شہید رہنما یحییٰ سنوار کے گھر کے سامنے (سٹریٹ 5 میں) انتظامات کیے جارہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، جن اسرائیلی شہریوں کو رہا کیا جائے گا ان میں 29 سالہ اربیل یہود، 20 سالہ ایگم برجر اور 80 سالہ گادی موسز شامل ہیں۔ حماس کی جانب سے رہا کیے جانے والے تھائی شہریوں کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کی جانب سے اسرائیلی خواتین کو رہائی کے موقع پر دیے گئے گفٹ بیگز میں کیا کچھ شامل تھا؟
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پائے جانے کے بعد اب تک 2 بار قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ 19 جنوری کو حماس نے 3 اسرائیلی خواتین کو ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا جبکہ اسرائیل نے 69 خواتین اور 21 نوجوان لڑکوں سمیت 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
معاہدے کے تحت، 25 جنوری کو حماس نے 4 اسرائیلی فوجی خواتین کو رہا کیا تھا جس کے بدلے مزید 200 فلسطینیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا گیا تھا۔