’کوئی میری بیوی کو دریا سے نکال لے‘، امریکی طیارے کی مسافر خاتون کے شوہر کی ویڈیو وائرل

جمعرات 30 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

طیارے میں سوار ایک خاتون کا شوہرحماد رضا ہوائی اڈے پر اس کا انتظار کر رہا تھا جس کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار تھی جس نے حادثے سے چند منٹ قبل ہی اسے میسج کیا تھا اور اس میں لکھا تھا کہ ہم 20 منٹ میں لینڈ کرنے والے ہیں۔

حماد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ’میں صرف دعا کر رہا ہوں کہ کوئی میری بیوی کو فوراً دریا سے نکال لے‘۔

واضح رہے کہ امریکا میں واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ، فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد قریبی دریا میں گرگیا، ابتدائی اطلاعات تک ریسکیو ٹیموں نے 20 لاشیں اور 4 زخمیوں کو پانی سے نکال لیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ایئر لائن کی پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی جہاں طیارے کو دریائے پوٹومیک کے اوپر رن وے کے قریب حادثہ پیش آیا۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق حادثہ شام 5 بج کر 48 منٹ پر پیش آیا، جب طیارے کی رفتار 166 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس سے 5 کلومیٹر دور امریکی مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر میں تصادم، درجنوں ہلاک، تحقیقات شروع

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں 64 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد پوٹومیک دریا میں گرگیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 60 مسافر جبکہ 4 عملے کے افراد سوار تھے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

طیارے سے ٹکرانے والے فوجی ہیلی کاپٹر میں 3 اہلکار سوار تھے، حادثے کے بعد ریگن نیشنل ایئر پورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp