ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے بڑی کارروائی میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت سید نوازش رضا کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو نمائش چورنگی میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کے کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھا۔ چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 1950 امریکی ڈالر، 12130 سعودی ریال، 900 آسٹریلین ڈالر، 800 کینیڈین ڈالر اور 5 لاکھ 83 ہزار عراقی دینار برآمد ہوئے۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب کردیا
ملزم سے 6 لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے بھی برآمد ہوئے جبکہ ملزم کے زیر استعمال 32 ہزار امریکی ڈالر کا اکاؤنٹ فریز کردیا گیا ہے۔ ملزم سے موبائل فون اور دیگر غیر ملکی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
چھاپہ مار کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایت پر خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی جبکہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکا۔ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔