پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اپنے 14 بچوں میں سے ایک کا نام بھول گئے۔
شوکت یوسفزئی نے ایک نجی پروگرام میں شرکت کی جس میں میزبان ان سے کہتی ہیں کہ وہ نئی آئی ہیں اور سب نے انہیں بتایا ہے کہ آپ کے 12 بچے ہیں تو کیا آپ آرڈر میں ان کے نام بتا سکتے ہیں، جس پر شوکت یوسفزئی کہتے ہیں کہ یہ زیادتی مت کریں میرے 12 نہیں بلکہ 14 بچے ہیں۔
ساتھی مہمان نے پی ٹی آئی رہنما سے سوال کیا کہ ان کی بیویاں کتنی ہیں؟ جس پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ان کی صرف 2 بیویاں ہیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا پہلا بیٹا ڈاکٹر ہے جس کا نام اسد علی ہے، دوسرا بیٹا انجینئر ہے جس کا نام حسان خان ہے۔
اسی طرح انہوں نے اپنے دیگر بچوں کے نام بتائے جو نادرا خان، ماریہ خان، نادیہ خان، عائشہ خان، زینیہ، ملائکہ، بریرہ، زینب، نمرہ اور چھوٹے بیٹوں کے نام محمد حسن اور محمد حسین ہیں۔
پروگرام کے میزبان واسع چوہدری نے کہا کہ آپ نے 13 بچوں کے نام گنوائے ہیں جس پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نہیں، انہوں نے تمام بچوں کے نام بتا دیے ہیں لیکن اچانک کہتے ہیں کہ ایک بیٹی کا نام رملا ہے۔ اس جواب پر ہال میں موجود تمام لوگ قہقہے لگانے لگے تو شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تمام لوگ مل کر ماشاء اللہ بولیں۔