خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کرم میں شرپسند عناصر کی جانب سے انتظامیہ کے اسکواڈ پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کرم: امدادی سامان لے جانے والے قافلے پر فائرنگ، حملہ آوروں نے گاڑیوں کو آگ لگا دی
پولیس نے بتایا کہ اپر کرم کے علاقے بوشہرہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس کی بھاری نفری ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شرپسند عناصر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔
حکومت کی جانب سے علاقے میں قیام امن کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ابھی بھی شرپسند عناصر خوف و ہراس پھیلانے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں لوئر کرم، 4 افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں برآمد
اس سے قبل دو قبائل کے درمیان ہونے والے تصادم میں 200 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ تاہم اب حکومت کی مداخلت اور جرگے کی کوششوں سے فریقین کے درمیان امن معاہدہ ہوگیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ بنکرز کو مسمار کررہی ہے۔