ہائیکورٹ میں ججز کی تعنیاتی، اسلام آباد بار کونسل کا کل ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

اتوار 2 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد بار کونسل نے دوسرے صوبوں سے 3 ججز کے اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلے کے خلاف کل اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کل (پیر) اسلام آباد میں عدالتوں کے بائیکاٹ اور وکلا کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں وکلا رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ہائیکورٹ میں ججز کی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں، کل وکلا تاریخی کنونشن کرنے جارہے ہیں جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ججز کا خط بے نتیجہ نکلا، مختلف صوبوں سے 3 ججز کا اسلام آبادہائیکورٹ تبادلہ

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بدنیتی سے ٹرانسفر ہوئے، اس سے عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہوا، ملک بھر کی بار کونسلز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں اور کل اسلام آباد میں منعقد ہونے والے وکلا کنوشن میں شرکت کے لیے نکل پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کونسل کا اجلاس بھی بدنیتی پر بلایا گیا، 26ویں آئینی ترمیم کالا قانون ہے جس نے آئین کو مسخ کردیا۔

مشترکہ اعلامیے میں دوسرے صوبوں سے ججز کی اسلام آباد ہائیکورٹ تعیناتی کی مذمت کی گئی اور اسے عدلیہ کی آزادی کے خلاف قرار دیا گیا اور ٹرانسفر کیے گئے ججز کو واپس ان کی ہائیکورٹس بھیجھنے کا مطالبہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی فل کورٹ سماعت کی جائے اور 10 فروری کو طلب کیا گیا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے۔ اعلامیے میں پیکا ایکٹ کی بھی مذمت کی گئی اور اسے آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگانے کے مترادف قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آبادہائیکورٹ کے ججز کا خط: اہم نکات کیا ہیں؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزارت برائے قانون و انصاف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد ججز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا لاہور ہائیکورٹ سے ، جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائیکورٹ سے جبکہ جسٹس محمد آصف کا بلوچستان ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ  میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت برائے قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس محمد آصف کو 20 جنوری 2025 کو بلوچستان ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

 پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے اسلام آباد ہائیوکورٹ میں ججز کا تبادلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو اس بات پر تحفظات ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس کسی دوسری ہائیکورٹ سے تعینات نہ کر دیا جائے۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے ایک چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام ایک خط بھی لکھا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp