آرمی چیف کو لکھے عمران خان کے خط پر کیا توقع ہے؟ بیرسٹر گوہر نے بتادیا

منگل 4 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو لکھے خط کے جواب میں آپ کیا توقع رکھتے ہیں؟ صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہرخان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو خط لکھنے کی بابت عمران خان نے کل جیل میں خود صحافیوں سمیت وکلا کو آگاہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان سے ملاقات میں ہم اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں، بیرسٹر گوہر خان

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود وہ خط نہیں دیکھا تاہم عمران خان نے اس خط کے مندرجات خود بتائے کہ عوام اور فوج کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کی کچھ وجوہات ہیں، جنہیں دور کیا جانا ضروری ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کے مطابق عمران خان نے اپنے خط میں دل کھول کر ان وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ ’ان کی (آرمی چیف) طرف سے کوئی ریسپانس آتا ہے تو ہم ویلکم کریں گے، جس طرح سختیاں ہوئیں، جس کا خان صاحب سے اظہار کیا ہے، خلیج کسی صورت نہیں ہونا چاہیے۔‘

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے ان وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ چیزیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے سارا نزلہ فوج پر گرتا ہے، جو نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:حکومت نے فسطائیت کی انتہا کی، پیچھے نہیں ہٹیں گے، آئندہ زیادہ منظم جلسہ کرینگے، بیرسٹر گوہر خان

فوجی قیادت آپ سے رابطے میں ہیں؟ اس سوال پر بیرسٹر گوہر خان کا موقف تھاکہ عمران خان کے مطابق فوج چاہے وہ قیادت ہو یا ادارہ ہماری ہے۔

’لیکن ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے، اگر آپ کا اشارہ مذاکرات کی طرف ہے تو ایک رابطہ اکتوبر میں ہوا تھا اور پھر ایک لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی تھی، جو سیاسی نہیں تھی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp