سہ ملکی سیریز: جنوبی افریقہ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

پیر 10 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

سہ ملکی سیریز کا دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ اور جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 48.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ بیٹنگ

نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن 133 اور ڈیون کانوائے 97 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ڈیرل مچل 10 اور ٹام لیتھم صفر پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ 50 رنز پر گری، جب ول ینگ 19 رنز اسکور کرکے چلتے بنے۔

جنوبی افریقہ کی بیٹنگ

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جب جنوبی افریقہ کا اسکور 37 رنز تھا۔ دوسری وکٹ 130 رنز پر گری جب جیسن سمتھ 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ 132 رنز پر گری جب کائل ویرینے ایک رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 263 رنز پر گری جب اوپنر میتھیو بریٹزکی 150 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ 300 رنز پر گری جب ویان مُلڈر 64 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ جلد ہی 303 رنز پر گری جب سینوران مُتھوسوامی 2 رنز پر کیچ آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 10 اوورز میں 59 رنز کے عوض 2 وکٹیں، وِل اورورکے نے 72 رنز کے عوض 2 وکٹیں جبکہ مائیکل بریسویل 43 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میتھیو بریزکے، ون ڈے میچز میں ڈیبیو میچ میں 150 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

جنوبی افریقہ کے اوپنر بلے باز میتھیو بریٹزکی، نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز مکمل کیے۔ انہوں نے 2 نئے ریکارڈ بھی بنائے وہ ڈیبیو میچ میں سینچری کرنے والے جنوبی افریقہ کے چوتھے کھلاڑی جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

 کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پچ پر تھوڑی گھاس موجود ہے لیکن اس کے باوجود اس پر دوبارہ 300 رنز بن سکتے ہیں۔جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے اور امید کرتے کہ ابتدائی اوورز میں بال سوئنگ کرے گی۔

مزید پڑھیں: سہ ملکی سیریز: نیوزی لینڈ نے ابتدائی میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی اور راچن رویندرا کی جگہ ڈیوون کانوے کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے 4  کھلاڑی میتھیو بریٹزکی، میہلالی پونگوانا، ایتھن بوش اور سینوران متھوسوامی ڈیبیو کررہے تھے۔

واضح رہے کہ 3 ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 331 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

مچل سینٹنر (کپتان)، ڈیوون کانوے، وِل ینگ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، بین سیئرز اور وِل اورورکے

جنوبی افریقہ اسکواڈ

ٹیمبا باووما (کپتان)، بریٹزکی، کائل ویرینے، جیسن اسمتھ، ویان مُلڈر، سینوران مُتھوسوامی، ایتھن بوش، جونیئر ڈالا، تبریز شمسی، میہلالی پونگوانا اور لونگی نگیڈی

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp