لیبیا کے ساحل کے قریب بحری حادثہ پیش آیا ہے۔ 65 مسافروں سے بھری کشتی الٹ گئی۔ حادثے میں پاکستانی شہری بھی متاثر ہوئے ہیں۔ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی حادثے کی تصدیق کی ہے۔
مزید پڑھیں: مراکش کشتی حادثہ: مسافر کیسے مرے، آنکھوں دیکھا حال
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حادثہ لیبیا کے شہر زوایہ کے شمال مغرب میں مرسا ڈیلا کے قریب پیش آیا۔ پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زوایہ اسپتال پہنچ گئی ہے، جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی متاثرین کی تفصیلات جاننے کے لیے سفارتخانہ مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ یونٹ متحرک اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
مزید پڑھیں: مراکش کشتی حادثہ، 13 ہلاک پاکستانیوں کی شناخت مکمل
حادثے سے متعلق کسی بھی معلومات کے لیے دیے گئے نمبرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے:
03052185882(WhatsApp)
+218913870577(Cell)
+218 91-6425435(WhatsApp)
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی یورپ میں خصوصی رابطہ کار ریجینا ڈی ڈومینیچی کے مطابق گزشتہ سال کم از کم 2 ہزار 200 تارکین وطن یورپ پہنچنے کی کوشش میں بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے ہلاک و لاپتا ہوئے جن میں سیکڑوں بچے بھی شامل ہیں، ان میں ایک ہزار 700 ہلاکتیں وسطی بحیرہ روم میں ہوئیں۔
کشتی حادثات پر سست تحقیقات کی وجہ سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق کو عہدے سے ہٹایا گیا تھا
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے کشتی حادثات پر سست تحقیقات کی وجہ سے احمد اسحاق کو عہدے سے ہٹایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے احکامات کے باوجود ایف آئی اے نے کشتی حادثات پر تحقیقات تندہی سے نہیں کیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹانے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 13 اہلکاروں کو برطرف کر دیا
انسانی اسمگلنگ کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 13 اہلکاروں کو برطرف اور ویزا فراڈ اور غیر قانونی امیگریشن اسکیموں میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
لیبیا کے نزدیک کشتی کو حادثہ 3 پاکستانی ہلاک
منگل 28 فروری 2023: لیبیا میں تارکین وطن سے لدی ایک کشتی ڈوبنے سے 3 پاکستانی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشیں پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا کے ساحلی شہر بن غازی کے نزدیک تباہ شدہ کشتی کے ملبہ میں سے 3 پاکستانی شہریوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
یونان کشتی حادثہ: 298 پاکستانیوں سمیت 500 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے
بدھ 14 جون 2023 کو یونان کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔ ان میں سے 104 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جن میں 12 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ لاپتا ہونے والے افراد میں پاکستان کے 298 شہری شامل تھے۔
یونان کشتی حادثہ، وزیراعظم کا 19 جون کو یوم سوگ کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کشتی حادثہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی اور 19 جون کو ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو قومی پرچم سر نگوں رہا اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
یونان کشتی حادثہ، 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج، ایف آئی اے کے 2 اہلکار گرفتار
جمعرات 19 دسمبر 2024: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے یونان کشتی حادثے میں ملوث 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر ایف آئی اے کے 2 افسران کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں انسپیکٹر زبیر اشرف اور سب انسپیکٹر شاہد عمران شامل ہیں، گرفتار ملزمان فیصل آباد ائرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے، گرفتار ملزمان نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی اسکیریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا تھا۔
یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا،17 متاثرین کو یونان کشتی حادثے میں ریسکیو کر لیا گیا تھا جبکہ سفیان نامی متاثرہ شہری کی کشتی حادثے میں موت واقع ہوگئی تھی۔
مراکش کشتی حادثہ، 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک
جمعرات 16 جنوری 2025: تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے کم از کم 50 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والے 44 افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا ہے جو 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 86 تارکین وطن سوار تھے جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔
کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن، 144 گرفتار
منگل 31 دسمبر 2024: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ملک بھر سے اب تک 144 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق، سال 2023 میں لیبیا میں کشتی حادثے کی تحقیقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے اور مزید گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں، گرفتار ملزمان میں 16 اشتہاری بھی شامل ہیں۔
اسپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک
16 جنوری 2025: مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے کم از کم 50 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے جن میں 44 افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔
کشتی میں 66 پاکستانیوں سمیت 86 افراد شامل تھے جن میں سے 36 افراد کو بچالیا گیا۔ بعد میں سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ ان تارکین وطن کو انسانی اسمگلرز نے مزید رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا تھا۔
مراکش کشتی حادثہ، 13 ہلاک پاکستانیوں کی شناخت مکمل
منگل 4 فروری 2025: مراکش کشتی حادثے میں ملنے والی 13 نعشوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ نعشوں کی شناخت کے عمل کے دوران 13 کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا۔
15 جنوری 2025 کو کشتی واقعہ میں 44 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں، تاہم مقامی حکام کو صرف 13 نعشیں ہی ملیں۔ ذرائع پاکستانی سفارت خانہ مراکش کے مطابق میتوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ فنگر پرنٹ اور تصاویر نادرا کو بھجوائی گئیں تھیں۔
یونان: کشتی حادثات میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی، ریسکیو آپریشن ختم
بدھ 18 دسمبر 2024: یونان میں کچھ روز قبل تارکین وطن کی کشتیوں کو پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی۔ یونان کوسٹ گارڈ کی جانب سے ریسکیو آپریشن ختم کرتے ہوئے تمام لاپتا افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی لیبیا میں 5 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو یورپ جانے کی خواہش رکھتے ہیں، اور مختلف ایجنٹوں کے پاس ہیں۔ لیبیا میں جو پاکستانی موجود ہیں وہ پاکستان سے ویزا لے کر قانونی طور پر وہاں پہنچے ہیں، اور وہاں سے یورپ منتقل ہونا چاہتے ہیں۔
یونان کشتی حادثات: 65 ایف آئی اے افسران بلیک لسٹ، انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی کا حکم
جمعہ 17 جنوری 2025: وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کشی حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی کے ملوث افسران کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔
یونان کشتی حادثوں کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر ایف آئی کے 65 افسران و ملازمین بلیک لسٹ قرار دے دیے گئے ہیں، بلیک لسٹڈ افسران و ملازمین پر امیگریشن اور انسداد انسانی سمگلنگ ونگز میں تعیناتی پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔