تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی لانڈھی جیل سے رہا

جمعرات 20 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف سندھ کے صدرعلی زیدی کو کراچی کے لانڈھی جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

کراچی کی ضلعی عدالت نے آج صبح رہنما تحریک انصاف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

 اس سے قبل رہنما تحریکِ انصاف علی زیدی کو فراڈ اور دھمکانے کے کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملیر کورٹ میں پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم کی 3 دن کی کسٹڈی تھی، آپ نے کیا تفتیش کی؟

تفتیشی افسر نے جواب میں کہا کہ میں نے ملزم کے ساتھیوں کی تلاش کی کوشش کی۔ عدالتی استفسار پر انہوں نے بتایا کہ کیس سے متعلق ضمنیاں وہ فائل میں لگانا بھول گئے ہیں۔

عدالت کی جانب سے دوران حراست پولیس تشدد سے متعلق سوال پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پولیس نے کوئی ناروا سلوک نہیں کیا

علی زیدی کےوکیل ڈاکٹر شہاب امام نے عدالت کو بتایا کہ جو صورتحال تفتیشی افسر عدالت کو بتا رہا ہے اس سے نہ صرف جسمانی ریمانڈ بلکہ ملزم کی کسٹڈی ہی غیر قانونی ہے۔

عدالت نے علی زیدی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کی تھی اور علی زیدی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

 عدالتی احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ ان پر بہت ہی خطرناک مقدمہ بنایا گیا ہے۔ ادھر عمران خان پر گولیاں چل گئیں اور آج تک مقدمہ نہیں درج ہو سکا۔ میرے خلاف ایسے شخص کا مقدمہ درج کیا گیا جس کو اپنا پتہ نہیں ہے، اور یہ بھی نہیں پتہ کہ مدعی زندہ ہے بھی یا نہیں لیکن مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

وکیل علی زیدی ڈاکٹر شہاب امام نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران علی زیدی کی رہائی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی زیدی پر جعلی مقدمہ بنایا گیا ہے، امید ہے علی زیدی آج ضمانت پر رہا ہوں جائیں گے اور اپنے بچوں کے ہمراہ عید کی خوشیاں منائیں گے۔

علی زیدی پر ایک اور مقدمہ درج

گزشتہ روز علی زیدی سمیت تحریک انصاف کے 200 اراکین پر ملیر سٹی تھانے میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں عمران اسماعیل، آفتاب صدیقی، خرم شیر زمان اور ارسلان تاج سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا۔

مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور احاطہ عدالت میں توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آر کے متن میں لکھا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان نے 17 اپریل کوعلی زیدی کی پیشی کےدوران ہنگامہ آرائی کی۔ ملزمان کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے بکتربند پر چڑھ گئے تھے۔

عدالت نے 30 اپریل تک پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا

مقدمے میں نامزد عمران اسماعیل، آفتاب صدیقی، خرم شیر زمان اور ارسلان تاج سمیت دیگررہنماؤں نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔

عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی 5,5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے ملزمان کو پولیس تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے جواب طلب کرلیا۔

تاہم عدالت نے 30 اپریل تک پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp