اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج نے میڈیا پر پارلیمنٹ کے بارے میں بیان دیا ہے یہ بیان پارلیمنٹ پر حملہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی اجلاس کے بعد رولنگ سناتے ہوئے کہا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ پارلیمنٹ پر بیان بازی کرے، انہوں نے وزیرقانون کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ جج کو ہمارا پیغام پہنچائے کہ پارلیمنٹ کے بارے میں بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل بھی منظور ہوگیا تاہم اپوزیشن کے اراکین نے اس بل کی مخالفت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کو غیرضروری قرار دے دیا
اجلاس اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ جس کو بڑھی ہوئی تنخواہ نہیں چاہیے وہ ہمیں لکھ کر دے۔
انہوں نے اپوزیشن اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارلیمنٹ کو جعلی بھی کہتے ہیں مگر خود بھی سنجیدہ نہیں ہوتے، ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو جعلی کہنے والے تنخواہیں بھی لیتے ہیں۔
اس موقع پر وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی کہا کہ اپوزیشن یہاں سوکھی تقریریں نہ کرے بلکہ جس کو اضافی تنخواہ نہیں چاہیے وہ اسپیکر آفس کو مطلع کرے۔
اجلاس میں ماحولیات ترمیمی بل 2025 بھی اسمبلی میں پیش ہوا جسے اسپیکر نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردی۔