انڈیا سے تعلق رکھنے والے مصنوعی ذہانت سے متاثر شوقین فنکار جیو جان ملور نے اپنے انسٹا گرام پر مصنوعی ذہانت کے ذریعہ تخلیق کی گئی مشہور شخصیات کی انوکھی تصاویر کا سیٹ شیئر کرکے سب کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
ان تصاویر میں مشہور پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو کھانا بناتے جبکہ کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس کو بظاہر کھانے کی تیاری کے اس عمل کی نگرانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے سوشل میڈیا کو حالیہ دنوں میں اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے استفادہ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے اب فنکار بھی اے آئی ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔
بہت سے فنکار مصنوعی ذہانت کا استعمال کر کے ایسی منفرد چیز تخلیق کرتے ہیں جو انٹرنیٹ پر بہت جلد ہی توجہ حاصل کر لیتی ہے۔
جیو جان ملور نے بھی اسی نوعیت کی اپنی تخلیقات انسٹا گرام پر شیئر کرکے اپنے مداحوں سے داد سمیٹی ہے۔
مصنوعی ذہانت کے ذریعہ تخلیق کی گئی ان تصاویر میں مایہ ناز فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو، ڈیوڈ بیکہم اور پوپ فرانسس سمیت بروس ولس، ول اسمتھ، جونی ڈیپ، ٹام کروز، ایماواٹسن اور کیانو ریوز جیسی بولی ووڈ کی مشہور شخصیات کی تصاویر شامل ہیں۔
تصاویر میں ان مشہور شخصیات کودبئی کے ضلع الکرامہ کی ایک فوڈ اسٹریٹ میں رمضان المبارک میں افطار کے دوران کسی کو کھانا بناتے اور کسی کو ویٹرکے طور پر کھانا پیش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
View this post on Instagram
جیو جون ملور نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ جب وہ دبئی کی رمضان فوڈ اسٹریٹ میں گھوم رہے تھے تو انہوں نے باورچیوں اور بیروں کے ایک ایسےگروپ کو دیکھا جو مشہور شخصیات کی طرح دکھائی دیتے تھے۔
جیو جون ملور لکھتے ہیں؛ یہ حیرت انگیز افراد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریبوں کے لیے کھانا بنا رہے تھے اور انہیں پیش کر رہے تھے۔
’میں نے ان کی اس مہربانی سے متاثر ہو کر کھانا ضائع نہ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا۔ آئیے اس ماہ رمضان کو خیرات کا وقت بنائیں اور اپنا اضافی کھانا ان لوگوں کو دیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘
انسٹا گرام صارفین نے تصاویر پر مختلف طرح کے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے ٹام کروز کی تصویر کے حوالے سے لکھا کہ ٹام کروز تو کچھ خریدتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں نہ کہ بیچتے ہوئے۔
کینیڈین اداکار کیانو ریوز کی تصویر کے حوالے سے ایک صارف نے لکھا کہ بس اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنی حفاظت کے لیے کیانو ریوز کو کوئی بھی تیز چیز نہ دی جائے۔
ایک اور صارف نے کیانو ریوز کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی بھی اس شخص سے قیمت کم کروانے کے حوالے سے نہ سوچے۔
حیرت کی بات ہے کہ بھارتی فنکار کی مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصاویر دیکھنے سے گمان ہوتا ہے کہ جیسے مشہور شخصیات حقیقت میں دبئی کے ضلع الکرامہ کی فوڈ اسٹریٹ میں کھانا تیار اور پیش کر رہے ہوں۔