چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اشتعال انگیز بیان دینے پر آفاق احمد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں ڈمپر و ٹینکرز جلائے جانے کے واقعات، وزیر داخلہ سندھ کا سخت نوٹس
پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف کورنگی میں مال بردار گاڑیوں کو جلانےکا مقدمہ درج کیا گیا تھا، آفاق احمد کو ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا اور اب کورنگی منتقل کیا جائےگا۔
آفاق احمد کے قریبی ذرائع کے مطابق انہیں منگل کی رات 10 بجے کے قریب ڈیفنس میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آفاق احمد اپنے کارکنان کے ہمراہ گھر میں موجود تھے اور ان کے ساتھ چند کارکنوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کچھ دیر قبل تک آفاق احمد تھانہ ڈیفنس میں تھے لیکن اب تک کی اطلاعات کے مطابق انہیں تھانہ ڈیفنس سے تھانہ کورنگی منتقل کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا تھا کہ ٹرکوں اور ڈمپروں کے نیچے آکر 40 روز میں 92 افراد کی زندگی چلی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہیوی ٹریفک شہر میں نہ آنے دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، بعض مقامات پر لوگوں نے گاڑیوں کو اس لیے آگ لگائی کہ وہ مشتعل تھے۔
آفاق احمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج ضرور کریں لیکن گاڑیوں کو آگ نہ لگائی جائے، جبکہ صورتحال سے غلط فائدہ اٹھانے والوں پر عوام نظر رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں 24 گھنٹے 5 اموات،کراچی میں دندناتے ٹمپرز نے شہریوں کو نشانے پر رکھ لیا
یاد رہے کہ آفاق احمد کی جانب سے گزشتہ دونوں کہا گیا تھا کہ مہاجر نوجوانوں کو بڑا بھائی سمجھ کر حکم دے رہا ہوں کہ منگل کے روز سے شہر میں ہیوی ٹریفک نہیں ہونی چاہیے۔