وزیرِاعظم شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں ’آئین پاکستان‘ موبائل ایپ کا اجرا کیا۔ تقریب کے دوران وزیرِاعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ ایک عظیم موقع ہے کہ ہر پاکستانی کے پاس موبائل میں آئینِ پاکستان موجود ہوگا اور یوں نوجوان اور شہری باآسانی آئین سے متعلق آگاہی حاصل کرسکیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو اور اس وقت کی سیاسی قیادت کی جانب سے آئین بنانے کے کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور اداروں کو آئین کے تحفظ کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ملک کو بچانے کے لیے اپنی سیاسی ساکھ کی قربانی دی اور خودشناسی سے آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام اتحادیوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے آئینِ پاکستان کی گولڈن جوبلی منائی۔
تقریب میں شریک وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے ’آئین پاکستان‘ موبائل ایپ کے اجرا کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کی بیداری کے لیے نصاب میں آئین کو شامل کرنے کا ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ اگلے سال آئین پاکستان تعلیمی نصاب کا حصہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے موبائل ایپ بنانے میں مدد کرنے پر وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے اجرا کے بعد ہر پاکستانی آئین کے تمام آرٹیکل اور شقوں تک باآسانی رسائی حاصل کرسکے گا۔ یہ ایپلیکشن اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں دستیاب ہوگی۔
Historic launch of mobile application for the Constitution of Pakistan by Prime Minister Shehbaz Sharif at PTV Centre in Islamabad today. This launch is part of the 50th anniversary celebrations of the Constitution. The application is available on both Android and iOS pic.twitter.com/iQstPmOXCY
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 20, 2023
یہ ایپ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر جاری کی جارہی ہے۔
’آئین پاکستان‘ موبائل ایپ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کی زیرِ نگرانی تیار کی ہے۔ نادرا نے بھی ایپ بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔
یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں آئین کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے تقریری مقابلے ہوئے جس کا ٹائٹل ’میرا آئین میری آزادیوں کی ضمانت‘ تھا۔