انقلاب ایران کی 46 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد جنرل حمید گل کا پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میں عمران خان کو باقی لوگوں سے نسبتاً بہتر سمجھتا ہوں، لیکن وہ آئیں گے اس نظام سے ٹکرائیں گے، کچھ حاصل نہیں کر پائیں گے اور برے طریقے سے ناکام ہوں گے۔
میرے والد نے یہ بھی کہا تھا کہ میں عمران کے ساتھ اِس لیے شامل نہیں ہوا کیونکہ اُن کے ساتھ سارا گند ہے۔
عبداللہ گل نے کہا کہ میں بلاشبہ پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتا ہوں جو وہ بےامنی اور انتشار پھیلاتے ہیں۔ تاہم اچھے کاموں کے لیے اُن کی تعریف بھی کرتا ہوں، لیکن میں شخصیات کی غلامی نہیں کر سکتا۔
عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کے نام لکھے گئے خط کے بارے میں عبداللہ گل نے کہا کہ خط لکھے جانے کو تو وہ خود تسلیم نہیں کر رہے تو میں کیوں کروں۔